پاکستان بھر کے مشائخ عظام نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے کال پر 23دسمبرکو مینار پاکستان کے تاریخی عوامی اجتماع میں شرکت کے ذریعے اور 14جنوری کے عوامی مارچ میں مکمل تعاون کا اعلان کرکے اپنے بزرگوں کی سنت کو تازہ کیا ہے ان خیالات کا اظہار منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمدا قبال چوہدری نے گزشتہ روز نوید احمد اندلسی سے گفتگو میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے پیران کرام ، علماء کرام اور مشائخ عظام کی طرف سے پاکستان کے کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی غیر مشروط حمایت اور اپنے لاکھوں مریدین کے ہمراہ عوامی مارچ میں شرکت کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اولیاء کرام کے فیضان سے ہی قائم ہوا اور اُن کی اولادیں ہی اس مملکت خداداد کی حفاظت کا عظیم فریضہ سر انجام دیں گی۔
انہوں نے گولڑہ شریف کے پیر سید معین الحق گیلانی صاحب کی طرف سے تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کے شرکاء میں سے 2لاکھ افراد کے قیام و طعام کے انتظام کی پیش کش کو بھی قابل تحسین اور قابل تقلید عمل قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ پیران کرام کی طرف سے اس غیر مشروط حمایت کے عمل نے آج سے 70سال قبل مسلمانانِ ہند کے الگ وطن کے حصول کے سلسلہ میں پیران کرام و مشائخ عظام کی طرف سے قائد اعظم محمد علی جناح (رحمة اللہ علیہ ) کا ساتھ دینے کے جذبہ کی یاد تازہ کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح اُس وقت کے وڈیروں اور بعض نام نہاد مذہبی رہنماؤں نے قائد اعظم محمد علی جناح (رح ) کی ڈٹ کر مخالفت کی تھی اور حق کو برپا ہونے سے روکنے کے لیے قائد اعظم پر طرح طرح کی تہمتیں لگائی گئیں مگر انھیں منہ کی کھانی پڑی اور مسلمانانِ ہند قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آزاد مملکت کے حصول میں کامیاب ہوئے اسی طرح شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری کی بے لوث اور باوقار قیادت ہی اس مملکت خداداد کو چوروں، لٹیروں کے چنگل سے آزاد کروا سکتی ہے اور اس وطن کو اقوام عالم میں باوقار مقام دلا سکتی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2جنوری 2013کو پیر سید معین الحق گیلانی صاحب (گولڑہ شریف )نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات میں انہیں 23دسمبر کے تاریخی جلسہ کی مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ 14جنوری کے لانگ مارچ کے لیے بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور مارچ کے 2لاکھ شرکاء کے لیے قیام و طعام کی پیش کش بھی کی ہے۔اس کے علاوہ 3جنوری 2013کو پاکستان بھر کے 350سے زائد مشائخ عظام اور پیران کرام نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری سے مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اور انھیں لانگ مارچ کے سلسلہ میں اپنی مکمل اور غیر مشروط حمایت کی یقین دھانی کروائی ہے۔