خیبر ایجنسی: شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری، کم از کم 20 ہلاک

Pak Army Operations

Pak Army Operations

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر میں سکیورٹی فورسز نے مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے کم ازکم 20 کو ہلاک اور 14 کو زخمی کرنے کا دعوی کیا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق جمرود کے علاقے داوتوئی میں اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی اور اسے لڑاکا طیاروں کی مدد بھی حاصل تھی۔

طیاروں نے مبینہ شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا اور اس میں 20 شدت پسند ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

قبائلی علاقوں میں سکیورٹی فورسز یا مشتبہ شدت پسندوں کی طرف سے ایک دوسرے کے جانی نقصانات کے دعوں کی تصدیق آزاد ذرائع سے ممکن نہیں کیونکہ ان علاقوں میں میڈیا کے نمائندوں کی رسائی تقریبا ناممکن ہے۔

خیبر ایجنسی میں پاکستانی سکیورٹی فورسز شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حکام حالیہ مہینوں میں پشاور اور اس کے گرد و نواح میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کا ذمہ دار اس قبائلی علاقے میں چھپے شدت پسندوں کو ٹھہراتے ہیں۔