سکھر (جیوڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ نیکہا ہے کہ طاہرالقادری لاکھ بار اسلام آباد کے چلے کاٹیں ، حکومت انہیں کھانا اور کمبل فراہم کرے گی۔ سکھر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پانچ سال پورے ہو چکے ہیں اب کس بات کا لانگ مارچ کرنا ہے یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صوبوں کو با اختیار بنا کر وہ کام کیا جو دو تہائی اکثریت والی حکومتیں بھی نہ کر سکیں۔ تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں ، کسی کو اس نظام کی بساط لپیٹنے نہیں دیں گے۔
سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے دعوی کیا کہ ایم کیو ایم طاہر القادری کی لانگ مارچ میں شرکت نہیں کرے گی اور 14 جنوری کو لانگ مارچ کے ذریعے جمہوریت کو لپیٹنے کی سازش کرنے والے ناکام ہو جائیں گے۔