لاہور: تحریک تحفظ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر خان ،سینئر وائس چیئرمین میاں عبدالوحید ،سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان اور مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبرنے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر جناب قاضی حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک ہنگامی تعزیتی اجلاس میں تحریک تحفظ پاکستان کے عہدے داروںنے کہا کہ قاضی حسین احمد کے انتقال سے امت مسلمہ ایک معتدل مزاج راہنما سے محروم ہوگئی ہے۔
قاضی حسین احمد نے جماعت اسلامی، متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے وحدت و اتحاد کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں قاضی حسین احمد ایک معتدل مزاج شخصیت تھے ۔ ان کی فعالیت و صلاحیتیں فقط جماعت اسلامی تک محدود نہ تھیں بلکہ وہ تمام مسالک و مذاہب کے مابین اخوت و رواداری کیلئے سرگرم عمل رہے۔
متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے اپنی زندگی کے آخری سانس تک ملک و ملت کی بہتری کیلئے عظیم اہداف کے حصول کیلئے کوشاں رہے۔