لاہور(جیوڈیسک) ٹیسٹ اور ون ڈے میں قومی ٹیم کے قائد مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوچ ڈیو واٹمور ٹیم میں مثبت تبدیلیاں لے کر آئے۔ ان کے آنے سے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
مصباح الحق نے انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹیم کی مثبت کارکردگی کا کریڈٹ کوچ ڈیو واٹمور کو جاتا ہے۔ ان کی آمد سے کھلاڑیوں کے رویے میں تبدیلی آئی ہے اور وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کر رہے ہیں۔ پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ بحیثیت کوچ ڈیو واٹمور ہمیشہ کھلاڑیوں اور کپتان کو سپورٹ کرتے ہیں اور انہیں بہترین کارکردگی پر اکساتے ہیں۔
مصباح الحق کے مطابق کسی بھی کوچ کو اس کی کارکردگی اور ٹیم کی پرفارمنس سے جانچنا چاہیے۔ اس کی قومیت سے نہیں دورہ بھارت کے حوالے سے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین تجربہ ثابت ہوا ہے۔ بھارت سے مقابلہ پریشر گیم ہوتا ہے اور حالیہ دورے سے نوجوان کھلاڑیوں کو یہ تجربہ حاصل ہوا ہے کہ دباؤ میں بہترین کرکٹ کس طرح کھیلی جاتی ہے۔