اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کوئٹہ اور سوات دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا پڑے گا ۔ میاں افتخار نے دعوی کیا ہے کہ شدت پسند صوبائی حکومت سے مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں ۔
مردان ہاس کراچی سے جاری بیان میں اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور شاہی سید نے کہا ہے کہ دہشت گرد پورے ملک میں انتہائی منظم انداز میں بے گناہ افراد کو نشانہ بنارہے ہیں ۔سیاسی جماعتیں اب بھی مصلحت پسندی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے دہشت گردی ہماری دہلیز تک پہنچ چکی ہے ۔ان کی جماعت دہشت گرد وں کو کسی کوئی رعایت دینے کیلئے تیار نہیں۔ اس کے خلاف یک آواز ہونا پڑے گا۔
پشاور میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخواہ میاں افتخار حسین نے دعوی کیا ہے کہ شدت پسندوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش قبول کر لی ہے ۔ میاں افتخار نے مزید کہا کہ ملک میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی ، مذاکرات کیلئے پیدا ہونے والے ساز گار ماحول کے خلاف سازش بھی ہو سکتی ہے ۔