قصور : اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے افسوسناک ہیں ، محمد اکرم طاہر قصوری
Posted on January 12, 2013 By Zain Webmaster سٹی نیوز
قصور (نمائندہ خصوصی) پی او اے ایف انٹرنیشنل نے ہماری زمین پر ناجائز قبضہ کے کیس کو ضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں لا کر بہت بڑا اقدام کیا ہے۔ ہمارے حق کیلئے کی جانے والی جدوجہد پر ہم چوہدری محمد اکرم منہاس سمیت پوری ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی او اے ایف انٹرنیشنل برسلز کے ممبر محمد اکرم طاہر قصوری نے ڈی سی او ضلع قصور احسن وحید سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے ڈی سی او کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی عمر بھر کی کمائی سے اپنے علاقوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں مگر ان کے اپنے ہی رشتے دار عزیز اور قبضہ گروپوں کے سربراہ ان کی اس جمع پونجی پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو سب سے بڑا ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قریبی عزیزوں سے زمین خریدی اور ایک ایک پیسہ وقت پر ادا کیا مگر انہوں نے ہمیں دھوکہ دیا اور ہماری زمین پر ناجائز قبضہ بھی کرلیا اور اوپر سے دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد عمر کے آخری حصے میں بھی عدالتوں اور کچہریوں کے چکر کھا رہے ہیں اور ہر فورم پر اپنے ساتھ ہونے وا لی دھوکہ دہی کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں مگر کسی فورم پر ہماری فریاد نہیں سنی گئی۔ اگر اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق نہ دلایا گیا تو یہ تارکین وطن اپنے ملک سے بھاگنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔ محمد اکرم طاہر نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظات دور کردے تو اسے ملکی معیشت کیلئے کسی کے آگے جھولی پھیلانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔