امریکا (جیوڈیسک)امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شام میں بشارالاسد کی حکومت ختم ہوجاتی ہے تو ایسی صورت میں امریکا کیمیائی ہتھیاروں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اس وقت شام کے کیمیائی ہتھیاروں پرتوجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے کہا کہ فوج شام بھیجنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی امریکا اپنی فوج شام بھیجنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔
البتہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اگر پرامن انداز میں انتقال اقتدار ہوتا ہے تو بعض امریکی اہلکاروں کو کیمیائی ہتھیاروں کی جگہوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھیجا جا سکتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اوباما انتظامیہ اس ایشو پر اسرائیل اور دوسرے ممالک کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہی ہے لیکن انھوں نے ایک مخالفانہ ماحول میں امریکی فوج کی تعیناتی کے امکان کو مسترد کر دیا اور کہا کہ شام کی مستقبل کی حکومت کی جانب سے معاونت کی درخواست پر ہی امریکا کوئی فوجی کردار ادا کرے گا۔