کراچی (محمد ارشد) شاہ فیصل ٹاؤن میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے لائحہ عمل تیار ،یکم ربیع الاول تا 12ربیع الاول تک ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل میں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کر کے تمام محکموں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یکم تا 12ربیع الاول تک عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے منعقدہ محافل میلاد اور ریلیوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ شاہ فیصل ٹاؤن میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر فرقہ ورانہ ہم آہنگی ، اتحاد و بھائی چارگی اور قیام امن کے حوالے سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری ، ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام ،علاقہ معززین ، عمائدین ، عوام ، محافل میلاد و جلوس پرمٹ ہولڈرز ، TMA شاہ فیصل ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، رینجرز و پولیس، ٹریفک پولیس ،کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن ، فائر بریگیڈ اور محکمہ ہیلتھ کے علاوہ عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ ہر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شاہ فیصل ٹاؤن میں نہایت جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا بلدیاتی اداروں سمیت عوامی سہولتوں کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ ماہ ربیع النور میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے KE&SC سے مطالبہ کیا ہے کہ محافل میلاد اور جلوس کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ بجلی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
منتظمین سے مسائل سننے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہا ہے کہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اور محافل میلاد و جلوس کے روٹس پر قائم تمام تجاوازت اور رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کرنے کی ہدایت کی اور مذکورہ جگہوں کر نو پارکنگ زون قرار دینے کی ہدایت کرتے ہوئے علاقہ پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ منتظمین کے باہمی تعاون کے ذریعے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں نشاط ضیاء قادری نے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ ربیع الاول پر فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و بھائی چارگی کا مظاہرہ کریں ،اتحاد و بین المسلمین کو فروغ دیں ، شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے رینجر ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شاہ فیصل ٹاؤن میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔
ربیع الاول کے انتظامات کے پیش نظر شاہ فیصل ٹاؤن ایڈمنسٹریشن قبل ازوقت انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ،صفائی و ستھرائی ، فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کے حل کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محافل میلاد اور جلوس کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا۔
منتظمین کی جانب سے اٹھائے گئے علاقائی مسائل کا جواب دیتے ہوئے ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے کہا کہ ٹاؤن کو درپیش مالی بحران کے باوجود زیادہ سے زیادہ علاقائی مسائل کے حل کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر شاہ فیصل ٹاؤن میں منتظمین و عوامی مشاورت کے ساتھ حق پرست عوامی نمائندوں کے تعاون سے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائے ، اجلاس میں موجود منتظمین نے علاقائی ترقی مسائل کے حل کے حوالے سے ٹاؤن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
Shah Faisal Town Eid Milad Un Nabi Meeting Karachi