اسلام آباد(جیوڈیسک) لانگ مارچ کے قافلے ٹولیوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے۔ بلیوایریا میں طاہر القادری کے جلسے کیلئے سٹیج کی تیاریاں جاری ہیں۔
لانگ مارچ کا مرکزی جلوس تو ابھی دور ہے تاہم مختلف شہروں سے تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کے قافلے ٹولیوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے طاہرالقادری کے لانگ مارچ کو بلیو ایریا سعودی پاک ٹاورتک آنے کی اجازت دے دی۔
جناح ایونیو پر جلسے کی جگہ مختص کر دی گئی ہے اورسٹیج کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔تحریک منہاج القرآن کے کارکن پنڈال کو سجانے میں مصروف ہیں۔ سعودی پاک ٹاور کے قریب علاقے کو خاردار تاروں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ جناح ایونیو کے دونوں اطراف گھڑے کھود دیئے گئے جبکہ اسٹیج کے پیچھے کنٹینرز کھڑے کر کے ریڈ زون کو جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
مختلف شہروں سے آنے والے لانگ مارچ کے یہ شرکا خاصے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ نعرے اورترانے بھی گونج رہے ہیں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پارلیمنٹ ہاوس جائیں گے تو ان کہنا تھا کہ ان کے قائد نے جو حکم دیا وہ اس پرعمل کریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شرکا کو ریڈ زون کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہو گی اگر ایسی کوشش کی گئی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔