گوجرانوالہ کی حبریں 2013.01.16

ڈاکٹر طاہرالقادری کے بار بار موقف تبدیل کرنے سے ان کا کردار مشکوک ہو گیا ہے، میاں محمد ارقم خاں

گوجرانوالہ (جی پی آئی)پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے بار بار موقف تبدیل کرنے سے ان کا کردار مشکوک ہو گیا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کبھی وہ لانگ مارچ کے شرکاء کو اپنی رضا مندی سے چلے جانے کا کہتے ہیں تو کبھی ان سے نہ جانے کا حلف لیتے ہیں اور ان گنت بار ان کو اپنی مرضی سے جانے کی اجازت دی، مینار پاکستان پر لانگ مارچ کے اعلان سے آج تک ان کا موقف اتنی بار تبدیل ہوا ہے کہ انہیں کوئی سمجھ نہیں سکتا، انہوں نے کہا کہ معمولی سمجھ بوجھ والا انسان بھی طاہر القادری کے کھیل سے متاثر نہیں ہوا غیر آئینی اقدامات کا مطالبہ کرنے والے طاہرالقادری کو عوام کی بڑے پیمانے پر حمایت نہیں مل سکی جو لوگ غیر آئینی اقدامات کے حامی ہیں وہ جمہوریت نہیں چاہتے، انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نہ جانے اچانک کہاں سے آ کر یہ تحریک چلا رہے ہیں، میاں ارقم خاں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انسانی حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے اور
ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک اس جماعت کو مزدورں، کسانوں اور غریب طبقے کی حمایت حاصل رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عدالتی فیصلہ سے ثابت ہوا کہ ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی ہے:چوہدری محمد نواز
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چودھری محمد نواز چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ملک پر قابض کرپٹ اور نااہل تولے کے خلاف پاکستان اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے نبرد آزما ہے، وفاقی حکومت نے عوامی مسائل کی طرف توجہ دی ہوتی تو آج حالات یکسر مختلف ہوتے، رینٹل پاور کیس میں عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تاریخ ساز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیالی شاہ میں کارکنوں اور معززین علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان کا کہناتھا کہ عدالتی فیصلہ سے ثابت ہوا کہ ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرداری گروہ کی جمہوریت کے نام پر لوٹ مار عیاں ہو چکی ہے،انشاء اللہ الیکشن میں عوام بھی تاریخی فیصلہ سنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدوں کا محور صرف میاں نواز شریف ہیں جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ حاجی نوازچوہان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیخلاف سازش ناکام ہو گی اور مسلم لیگ ن کسی کو شب خون نہیں مارنے دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک میں تبدیلی اور انقلاب صرف ووٹ کے ذریعے ہی آئے گا:حاجی عارف حسین
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ضلعی نائب صدر حاجی عارف حسین جٹ نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی اور انقلاب صرف ووٹ کے ذریعے ہی آئے گا، غیر جمہوری طریقہ سے شب خون نہیں مارنے دیں گے، عوام کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرینگے، تمام ادارے جمہوریت کے حق میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان کالونی میں گریٹ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی عارف حسین جٹ کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری عناصر جمہوریت اور ملک
کیخلاف سازشوں میں مصرو ف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں میاں نواز شریف ہی حقیقی تبدیلی لائیں گے اور عوام کو ریلیف فراہم کرینگے۔ اس موقع پر حاجی خالد محمود مغل، حاجی محمد بوٹا، افتخار پہلوان، اخطب بھٹی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
طاہرالقادری اپنے چند ہزار مریدوں کے ذریعے پوری قوم کو یرغمال نہیںبنا سکتے :غلام دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ طاہرالقادری اپنے چند ہزار مریدوں کے ذریعے پوری قوم کو یرغمال نہیںبنا سکتے ،اٹھارہ کروڑ عوام جمہوری نظام کو عصر حاضر کے راسپوٹین کے امپورٹد ایجنڈے کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیںگے ،آزاد عدلیہ اور دیانتدارچیف کمشنر کی تقرری نے ہیرا پھیری کے تمام راستے بند کردیئے ہیں ،طاہرالقادری کے پاس الیکشن میں حصہ لینے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں، منتخب عوامی نمائندوں وپارلیمان کی توہین اور اسلام آباد کا کاروبار زندگی مفلوج کرکے اپنے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش انتہائی قابل مذمت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ووٹ کی طاقت سے ملک بنایا تھا،جمہوریت کے سوا پاکستان کی مشکلات کا حل کسی اور نظام میں موجود نہیں،عوام کاحق رائے دہی چھین کر کوئی شخص آمرانہ طرز عمل اپنائے گا تو اسے شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا ،مسلم لیگ ن نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے جدوجہد کرکے قربانیوں کی طویل داستان رقم کی ہے ،ہم عوام کی طاقت سے ملک اور جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے ،طاہر القادری اپنے مریدوں اورانکے بچے بچیوں کے جذبات سے کھیل کر انہیں وزیر اعظم کے خلاف حالیہ فیصلے کو اپنی
روحانیت کا کمال بتا کر انہیں گمراہ کررہے ہیں وہ جتنی جلدی راہ راست پر آجائیں انکے لئے بہتر ہے۔ اس موقع پر ٹکٹ ہولڈر پی پی93 چوہدری اشرف علی انصاری، حاجی یونس انصاری ،چوہدری یوسف سندھو، عمر جاوید بٹ،خالد پرویز ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی اقتدار کی پرستش کرنے کی بجائے عوام سے محبت کرنے والی جماعت ہے:خواجہ انوار احمد شیخ
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اقتدار کی پرستش کرنے کی بجائے عوام سے محبت کرنے والی جماعت ہے، ملک مشکلات کا شکار ہے ہمیں ملکی بقاء اور تحفظ کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا، جمہوریت عوام کی طاقت کا نام ہے پیپلزپارٹی کی حکومت حالات پر قابو پالے گی، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی گرفتاری سے متعلق عدالتی حکم غیر متوقع ہے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 96 کے مختلف علاقوں میں کارکنوں کی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت تمام جماعتوں ہی نہیں بلکہ عوامی مشاورت کے ذریعے نگران سیٹ اپ لانے کی خواہشمند ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
رینٹل پاور کیس کا فیصلہ کافی عرصے سے محفوظ تھا اسے طاہر القادری کے دھرنے سے گڈ مڈ کرنا درست نہیں ہے:عامر یعقوب وڑائچ
گوجرانوالہ (جی پی آئی) رینٹل پاور کیس کا فیصلہ کافی عرصے سے محفوظ تھا اسے طاہر القادری کے دھرنے سے گڈ مڈ کرنا درست نہیں ہے، احتجاجی دھرنے کا معاملہ الگ ہے فیصلے کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے راہنما عامر یعقوب وڑائچ ایڈووکیٹ نے گوندلانوالہ میں کارکنوں کے اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ناصر جبار چٹھہ، مرزا افضل بیگ، خلیل جرال و دیگر نے بھی خطاب
کیا، عامر یعقوب وڑائچ نے کہا کہ ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا فوری اعلان کیا جائے اور جتنی جلد ممکن ہے عبوری حکومت قائم کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو زیادہ با اختیار بنایا جائے اور ووٹر لسٹوں کی تصحیح کا کام تیز کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
انتخابات کی تاریخ دے کر سیاسی بے یقینی کم کی جاسکتی ہے:چوہدری شاہد منیر گوندل
گوجرانوالہ (جی پی آئی) جماعت اسلامی کے راہنما چودھری شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دے کر سیاسی بے یقینی کم کی جاسکتی ہے، جمہوری نظام لپیٹنے کی ہر کوشش کی مزاحمت کریں گے، ملک کسی پیراشوٹ لیڈر کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیر اعظم گرفتاری دے کر آئین کے سامنے جھک جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی پی پی 93 میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس سے احسان اﷲ وڑائچ، سجاد حسین بٹ، چودھری عمران گجر، اشتیاق مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا، چودھری شاہد منیر گوندل نے کہاکہ نادیدہ قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے سیاسی قیادت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ جمہوری نظام تسلسل پکڑ سکے۔ مہنگائی، توانائی کے بحران اور لاقانونیت کی وجہ سے حکومت کیخلاف عوامی غصے اور نفرت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام 5 یونین کونسلوں کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت امیدوار پی پی 94 عقیل ڈار منعقد ہوا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام 5یونین کونسلوں کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت امیدوار پی پی 94عقیل ڈار منعقد ہوا ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی میں الیکشن کے حوالہ سے ورکروں کو تربیت اور پارٹی میں
الیکشن کے متعلق بریف کیاگیا ۔ جس میں پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کی قیادت اور الیکشن میں بھر پور حصہ لینے کی پرزور ہمایت کی اور اس بات کا اعادہ کیاگیا ہے ورکرز جس طرح محنت کر رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب پاکستان تحریک انصاف نئے اجالے کی طرح ابھرے گی اور ملک کو خوشحال بنا دے گی ۔ یہ اجلاس یو سی 55/19 یوسف خان کی رہائش پر منعقد ہوا جس میں 49/13کے آرگنائزر محمد علی ، 53/17 کے ندیم بٹ ،54/18کے دلدار میراں ،56/20 کے حبیب خان نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔