لندن (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف نے عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے الیکشن سے دو ماہ پہلے پاکستان آکر انتخابی مہم چلانے کا اشارہ بھی دیا۔
لندن میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ انتخابات فوج کے زیر نگرانی ہونے چاہئیں، وہ انتخابات سے دو ماہ پہلے پاکستان آ کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان تصادم ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، موجودہ حکمرانوں کو مزید پانچ سال ملے تو پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے۔
پرویز مشرف نے کہا کہ جمہوریت کا موازنہ لال مسجد اور بگٹی حادثات سے نہ کیا جائے، عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آنے والا وردی والے سے زیادہ طاقتور ہے۔ انہوں نے طاہر القادری اور حکومت میں معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بچانے کیلئے سب کو جاگنا ہو گا۔ عوام اب بھی نہ جاگے تو قصووار خود ہوں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے خلاف خاموش ہے، حکومت عالمی سطح پر بھارتی جارحیت کے خلاف کھل کر اپنا موقف پیش کرے۔