اسلام آباد(جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے پہلے تمام وفاقی اور صوبائی محکموں میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا اطلاق پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں پر نہیں ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے حلقے میں فنڈز کی منتقلی کا نوٹس بھی لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف طبقوں کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ کچھ سرکاری ادروں میں ہزاروں کی تعداد میں بھرتیاں کی جا رہی ہیں جو انتخابات سے قبل سیاسی رشوت اور دھاندلی ہے۔ یہ اقدام انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی بھی ایک کوشش ہے۔
اس لئے الیکشن کمیشن نے ان تحفطات کا نوٹس لیتے ہوئے انتخابات سے قبل تمام وقاقی اور صوبائی محکموں میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا اطلاق پیلک سروس کمیشن کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں پر نہیں ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق آئندہ وفاقی اور صوبائی محکموں میں براہ راست بھرتیاں نہیں ہوں گی اور پہلے سے منظور شدہ فنڈز دوسرے منصوبوں کو منتقل نہیں ہو سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے حلقے میں فنڈز کی منتقلی کا نوٹس بھی لے لیا ہے۔