کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان ہائی کورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت کنفرم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت ملزمان کو اگلی سماعت پر پیش کرنے کاحکم دیدیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد ملزمان ، سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ ، سابق وزیر اعلی بلوچستان جام محمد یوسف اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیرانی کی عبوری ضمانت کنفرم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل نے فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ٹرائیل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب کوئٹہ کی انسداد دہشت کی عدالت میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جمیل بگٹی کے وکیل نیعدالت کو بتایا کہ ملزم پرویز مشرف کے ریڈ وارنٹ ابھی تک جاری نہیں ہوئے جس پر عدالت نے وفاق کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر ریڈ وارنٹ کے اجرا کے حوالے سے رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے تمام نامزدملزمان کو بھی اگلی پیشی پر طلب کیا ہے۔ کیس کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔