اسلام آباد(جیودیسک) سپریم کورٹ میں پاور کمپنیوں اور وفاقی حکومت کی رینٹل پاور کیس فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست کی سماعت آج ہو گی۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ وزارت پانی و بجلی کے وکیل خواجہ طارق رحیم عدالت میں اپنے دلائل پیش کریں گے۔ گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ چیئرمین نیب نے کمپنیوں سے پیسے واپس کروا لیے ہیں جو بدعنوانی اور کرپشن ہوئی اس پر کاروائی اور عمل درآمد ہونا باقی ہے۔
رینٹل پاور کیس کرپشن اور بدعنوانی سے متعلق کیس ہے۔ نظرثانی درخواست بے شک زیر التوا رہے گی لیکن اس دوران عمل درآمد کیس جاری رہے گا۔ پاکستان پاور ریسورس کمپنی کے وکیل پرویز حسن نے استدعا کی تھی کہ نظرثانی کیس کی سماعت ، عمل درآمد کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد کی جائے۔