امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ نے ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ڈیوڈ ہیڈلے کی حوالگی کو مسترد کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نائب اٹارنی جنرل گیری شاپیرو نے شکاگو عدالت میں جمع کرائی گئی بیس صفحات پر مشتمل دستاویزات میں کہا ہے کہ ڈیوڈ ہیڈلے نے حکومت اور کسی بھی بیرونی عدالتی کارروائی جو کہ امریکہ کے اندر ہو اس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے یا پھر اپنے بیان سے مکمل تعاون پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ ہیڈلے کو تفتیش کیلئے کسی ملک کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہیڈلے کی گواہی سے تہور رانا کیخلاف کارروائی میں ہمیں معاونت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈلے نے اس سے پہلے بھی بھارتی قانونی ماہرین کی ٹیم کو تمام سوالات کے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جوابات دئیے اور آئندہ بھی ایسا کرنے پر آمادہ ہے۔