نئی دہلی(جیوڈیسک) نئی دہلی بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما راج ناتھ سنگھ کا ایک مرتبہ پھر پارٹی کا صدر بننے کا امکان ہے، اعلان آج کیا جائے گا۔ بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی بی جے پی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نئی دہلی میں جاری ہے۔
انتخاب سے ایک روز قبل پارٹی کے صدر نیتن گڈ کری نے اچانک اپنے عہدے سے استعفی دے دیاتھا، جن کی جگہ پر راج ناتھ سنگھ کو متفقہ طور پر نیا صدر نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راج ناتھ کے نام پر اتفاق ہے ،آج صرف نام کا اعلان ہوگا۔
پارلیمانی اجلاس نے راج ناتھ سنگھ کے نام کی منظوری دے دی ہے۔ نیتن گڈ کری دوسری مرتبہ صدر کے عہدے کیلئے کھڑے ہونے والے تھے اور انہیں آر ایس ایس کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ وہ صنعت کار ہیں اور ان کی کمپنی کے خلاف بدعنوانی کے کئی معاملات کی تفتیش ہو رہی ہے۔
دہلی میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے سینئر رہنماوں کی موجودگی میں راج ناتھ سنگھ کو صدر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس سے پہلے وہ 2 مرتبہ پارٹی کے صدر رہ چکے ہیں۔