تحریک تحفظ پاکستان کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے میزائل انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا

اسلام آباد+لاہور(این ایل آئی)تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی اور میزائل کی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنایا تھا اور اب الیکشن کمیشن کی طرف سے تحریک تحفظ پاکستان کو میزائل کا انتخابی نشان بھی الاٹ کر دیا گیا ہے جو ملک کی سلامتی کا ضامن ہے اور انتخابی نشان میزائل ملنے کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان پہلی بار 2 فروری کو لاہور میں پارٹی کے ایک بہت بڑے ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے۔

اپنے ایک جاری بیان میں روحیل اکبر نے کہا کہ تحریک تحفظ پاکستان کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے میزائل انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا ہے اور اس انتخابی نشان کے ملنے کے بعد تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایوان اقبال لاہور میں پارٹی کے پہلے ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے جس میں ملک بھر سے پارٹی ورکر اور عہدے دار شرکت کریں گے۔