ملک بھرمیں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا لیکن خشک سردی کی شدت برقرار ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں روئی کے گالے گرنے کا سلسلہ تو کچھ دنوں سے تھما ہوا ہے لیکن آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت سیاحتی علاقوں میں سردی شدت بدستور برقرار ہے۔ خون جما دینے والی سردی میں غیر اعلانیہ طویل گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ نے بھی لوگوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے۔
آگ جلانے کی لکڑی کی قیمت آسمان پر پہنچ چکی ہے۔ بعض علاقوں میں فی من لکڑی پانچ سو سے چھ سو روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ بلوچستان میں خشک موسم سے بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقے دھند کے لپٹ میں آسکتے ہیں جبکہ سردی کی آئند کچھ روز برقرار رہے گی۔
مختلف شہروں میں درجہ حرارت کچھ اس طر ح ریکارڈ کئے گئے۔ کم سے کم درجہ حرارت استور اور اسکردو میں منفی سولہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پاراچنار اور ہنزہ میں منفی دس ، کالام میں منفی نو، گوپس میں منفی آٹھ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چھ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔