لاہور(جیوڈیسک) چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اکتیس لاکھ ٹیکس ناہندگان کا سراغ لگا لیا ہے۔ مقررہ مدت تک ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک اور نام ای سی ایل میں ڈال دیے جائیں گے۔
لاہور میں کسٹم بلڈنگ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کا کہنا تھا کہ دنیا بدل گئی لیکن ایف بی آر نہیں بدلا۔ ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اسمگلنگ ہماری معیشت کو تباہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکتیس لاکھ ٹیکس ناہندگان کا سراغ لگا لیا ہے۔ یہ ناہندگان ہوائی جہاز کے سفر کرتے ہیں اور بڑی بڑی گاڑیوں کے مالک ہیں۔
تمام ناہندگان 75 دن میں چالیس ہزار روپے جمع کر وا کر ہمارے ٹیکس دہندگان بن جائیں۔ مقررہ مدت تک ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے جائیں گے اور ان کے نام ای سی ایل میں بھی ڈال دیے جائیں گے۔ ارکان پارلیمنٹ اپنی تنخواہوں سے باقاعدہ ٹیکس جمع کر واتے ہیں مگر ان کے ذاتی بزنس کے ٹیکس کے بارے میں معلوم نہیں۔