لاہور (جیوڈیسک) کشمیری رہنماء یاسین ملک کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو مقبوضہ کشمیر میں انقلاب کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیری رہنما یاسین ملک کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں اور اگر اب جنگ ہوئی تو نقصان دونوں ملکوں کی عوام کا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت گذشتہ چھ دہائیوں سے کشمیر کی پر امن تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن یہ تحریک اب تک تو پر امن ہے لیکن اگر بھارت نے اپنی ہڈھ دھرمی کی وجہ سے اس مسئلہ کو حل نہ کیا تو مقبوضہ کشمیر میں انتہا پسندی کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ملک کشمیر جیسے مسئلے کو پس پشت رکھ کر دوسرے مسئلوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ کشمیر ایک مسئلہ پر امن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیئے۔