وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے طالبان کو مخاطب کر کے کہا ہے کہ خون بہانے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے، دونوں جانب سے مسلمان ہی مر رہے ہیں۔
بشیر احمد بلور کے چہلم کے موقع پر بلور ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ طالبان مذاکرات کے لیے راضی ہو جائیں تو ہم اپنے بچوں کا خون معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔
غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں جماعت اسلامی کے سوا تمام جماعتوں نے شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے لیکن یہ صرف اے این پی کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک و قوم کا مسئلہ ہے اس لیے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
بلور ہاؤس میں بشیر بلور کے رسم چہلم کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر، وزیر اعلی امیر حیدر ہوتی ، اے این پی کے صوبائی صدر افرا سیاب خٹک اور پارٹی کے دیگر قائدین نے شرکت کی۔