بھمبر : بھارت نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ نہیں یوم استعماریہ منایا ہے۔ ڈاکٹر اعجاز
Posted on January 28, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
بھمبر (جی پی آئی) بھارت نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ نہیں یوم استعماریہ منایا ہے کشمیر میں کشمیریوں کی مرضی و منشا کے خلاف سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی بھارتی استعماریت کا واضح ثبوت ہے ۔ بھارتی فوج کی موجودگی کے خلاف کشمیریوں کی عوامی جدوجہد بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوی کا پول کھولنے کے لئے کافی ہے۔
ان خیالات کا اظہار کشمیر فریڈم موومنٹ کے نوجوان رہنما ڈاکٹر اعجاز کشمیری نے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر میں قراردادیں ایسی ڈسک ہیں جن میں بین الاقوامی قوانین کی بھارتی خلاف ورزیاں محفوظ ہیں ۔ سچ کو دبا یا جا سکتا ہے لیکن ختم نہیں اب وقت آگیا ہے کہ عالمی بدمعاش عالمی قوانین کے نرغے میں آخر تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں امریکی ڈرون حملوں پر اقوام متحدہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اسرائیلی جارحیت کے باوجود فلسطین کو اقوام متحدہ میں مبصر ریاست کا درجہ مل چکا ہے بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں پر بھی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔
ہم نے عالمی اداروں کو جانبدار سمجھ کر بہت وقت ضائع کیا اور متصادم چلتے رہے لیکن اب عوامی شعور کے سامنے بندھ نہیں باندھا جا سکتا انہوں نے مزید کہا کہ دنیا جانتی ہے مسئلہ کشمیر کا خالق کون ہے کون اسے اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور پھر کس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی کی۔ اصول یہی ہے کہ جس نے رائے عامہ ہموار کرلی دنیا اس کا ساتھ دیتی ہے ہمیں بھی بین الاقوامی اداروں میں اپنی موجودگی کا فائدہ اٹھانا چاہئے اور یوم جمہوریہ منانے والوں کو بے نقاب کرنا چاہئے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com