کراچی میں امن کے قیام کیلئے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہو گا

 

Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خط لکھ رہا ہوں، امن و امان کے قیام کیلیے انٹیلی جنس اور سیکورٹی ایجنسیاں پیشگی اطلاع کے ساتھ ساتھ کارروائی بھی کریں۔ وزیر داخلہ نے بھارت میں ہندو انتہا پسندی کی سب سے پہلے نشاندہی کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔

اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے پارلیمنٹ ہاس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہ دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، امن و امان کی صورتحال بہتر کرنا سب کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بروقت اقدامات نہ کئے تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ کراچی میں امن کے قیام کیلئے تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کردار کرنا ہوگا۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سیکورٹی اداروں کو کراچی کی صورتحال پر خط لکھ رہا ہوں۔

انٹیلی جنس ایجنسیاں پیشگی اطلاع دینے کے ساتھ ساتھ کارروائی بھی کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی کی عوام کی حفاظت کیلئے سب کو آگے بڑھنا ہو گا۔ رحمن ملک نے کہا کہ یو ٹیوب سروس کھولنا یا بند کرنا وزارت داخلہ کے ہاتھ میں نہیں، تاہم گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے فلٹریشن سسٹم لگایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے دعوی کیا کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی کی سب سے پہلے انہوں نے نشاندہی کی، بھارتی وزیر داخلہ نے سانحہ سمجھوتہ میں ہندو انتہا پسندوں کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا، بھارتی حکومت کو ہندو انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔