پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی(پیڈا) ایمپلائز ایسوسی ایشن ایریگیشن سیکریٹریٹ، پرانی انارکلی لاہور،
Posted on January 29, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور۔ پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کے ایریا واٹر بورڈ برائے ایل سی سی ایسٹ سرکل کے اراکین نے سرکاری گاڑیوں کے حصول کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی ،چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ نے سیاسی وابستگیوں کے حامل ممبران کو گاڑیاں فراہم کرنے کے لئے محکمہ کے فیلڈ آفیسران پر دبائو بڑھا دیا ،جبکہ پنجاب پیڈا ایمپلائز ایسوسی ایشن نے اس عمل کی پُرزور مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کے فیلڈ آفیسران صوبہ بھر میں کسانوں کی اصلاح کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ پانی چوری کی روک تھام ،کسانوں کی تربیت اور فارمرز آرگنائزیشنز کی مانیٹرنگ کی غرض سے خدمات انجام دینے کے لئے فیلڈ آفیسران کے پاس وہیکلز کی کمی ہے جبکہ دوسری جانب سیاسی وابستگیوں کے حامل ایریا واٹر بورڈ کے غیر سرکاری اراکین نے چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ ایل سی سی ایسٹ کینال سرکل پر سرکاری گاڑیوں کے حصول کے لئے دبائو بڑھا دیا ہے۔
چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ ایل سی سی ایسٹ نے سیاسی دبائو کے تحت اپنے فیلڈ آفیسران کو ہدائیت جاری کر دی ہے کہ وہ 30 جنوری کو تمام سرکاری گاڑیاں اور انکے متعلقہ کاغذات لے کر ایریا واٹر بورڈ کے دفتر میں حاضری دیں جبکہ دوسری جانب پیڈا ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی ہے اور جنرل مینجر آپریشنز پیڈا اور ایم ڈی پیڈا سے اپیل کی ہے کہ چیف ایگزیکٹیو ایریا واٹر بورڈ ایل سی سی ایسٹ کو ہدائیت کی جائے کہ کسی بھی قسم کے سیاسی دبائو کے تحت کوئی غیر قانونی عمل نہ کیا جائے۔