پاکستان عوامی تحریک کے مستقبل کے بارے تحریک منہاج القرآن کا مشاورتی عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا

Minhaj ul Quran International

Minhaj ul Quran International

گزشتہ چند ہفتوں سے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے پاکستان عوامی تحریک کے آئندہ قومی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے جس مشاورتی عمل کا آغاز کیا تھا وہ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے ، منہاج یورپین کونسل کے سیکریٹری میڈیا نوید احمد اندلسی کے مطابق اس سلسلہ میں یکم فروری کو تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس عاملہ (سنٹرل ایگزیکٹو کونسل)کے اجلاس میں ایجنڈا کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد 2فروری کو مرکزی مجلس شوریٰ (فیڈر ل کونسل) اور 3فروری کو جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا ۔ اس سلسلہ میں مرکز کی ہدایت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی بیرون ملک تنظیمات نے بھی مشاورتی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔

یہاں یہ عمل قابل ذکر ہے کہ تحریک منہاج القرآن پاکستان اور دنیائے اسلام کی منظم ترین تنظیم ہے جس کا پاکستان میں مرکز (لاہور) سے یونین کونسلز تک مضبوط ، مربوط اور مستحکم نیٹ ورک قائم ہے اور تحریک کے جملہ معاملات وابستگان، کارکنان اور عہدیداران کی مشاورت سے طے پاتے ہیں۔

تحریک کا انتظامی و تنظیمی ڈھانچہ سپریم کونسل، جنرل کونسل، فیڈرل کونسل، سنٹرل ایگزیکٹو کونسل ،سنٹرل ورکنگ کونسل، مرکزی فورمز ، مرکزی نظامتوں، صوبائی تنظیمات، ضلعی تنظیمات اور علاقائی تنظیمات پر مشتمل ہے ۔تحریک کی مجلس شوریٰ کے ممبران کی تعداد 500 سے زیادہ ہے جبکہ جنرل کونسل کے ممبران کی تعداد 12ہزار سے زیادہ ہے ، اسی طرح پاکستان سے باہرتنظیمات بر اعظمی کونسلوں، ملکی تنظیمات اور علاقائی تنظیمات پر مشتمل ہیں ۔اس سے قبل تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی جنرل کونسل کا اجلاس 2008ء میں منعقد ہوا تھا جس میں عام انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔