اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا سالانہ تین روزہ اجتماع پشاور میں جاری ہے

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا سالانہ تین روزہ اجتماع پشاور میں جاری ہے۔ اجتماع کے دوسرے روز جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیدمنورحسن نے خطاب کرتے ہوے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے آئندہ عام انتخابات اپنے جھنڈے اور ترازو کے انتخابی نشان کے ساتھ لڑنے کا حتمی فیصلہ کر دیا ہے اور دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ہوگی۔تمام صوبوں میں دیگر جماعتوں کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کے لیے صوبائی ذمہ داران کو اختیار دے دیا ہے۔

آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کو متحرک کرنے میں اسلامی جمعیت طلبہ کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیمی ترقی کے لیے جماعت اسلامی نے سب سے بہترین منشور پیش کر دیا ہے۔عوام جماعت اسلامی کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملک کو افراتفری اور انارکی سے بچانے کے لئے بر وقت اور شفاف انتخابات ایک آزاد الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی از حد ضروری ہیں۔ انتخابات نہ ہونے سے مصنوعی قیادت جنم لیتی اور قبروں سے ویسے مردے کفن پھاڑ کر بولتے ہیں جن کا عوام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

انتخابات کے ذریعے ایک عوامی قیادت ملک میں اُبھر کر سامنے آتی ہے۔ جمہوریت کو پٹڑی سے اُتارنے اور انتخابات کو کسی بھی بہانے ملتوی کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے اور پوری قوم کو سڑکوں پر لے آئیںگے۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے المرکز اسلامی پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع ارکان کے دوسرے دن خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمدا براہیم خان اور دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید منورحسن نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ جماعت اسلامی نے دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے مذاکرات کا اختیار صوبوں کو دے دیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ گفت و شنید کرکے اسکی رپورٹ جلد از جلد مرکزی جماعت کو دیں۔

حقیقی تبدیلی در اصل سوچ و فکر کی تبدیلی کا نام ہے اور جماعت اسلامی یہی تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ تبدیلی کے لئے نوجوانوں کا کردار اہم ہوگا۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکن تبدیلی کا پیغام ہر نوجوان تک پہنچائیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ اسلامی دنیا میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے اور اب پاکستان کی باری ہے۔ عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے ملک میں ایک عظیم الشان تبدیلی لا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بدامنی، کرپشن، دہشت گردی اور انارکی کی طرف دھکیلنے والے کبھی بھی امن، نہیں لا سکتے۔

عوام تبدیلی کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور ترازو کے انتخابی نشان پرٹھپہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کے سرمایہ دارانہ ، جاگیردارانہ اور ظلم و بربریت کے نظام سے نجات ارو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہو جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ووٹ کی عمر 18سال ہونے کیوجہ سے آئندہ انتخابات میں نوجوان انتہائی اہم کردار ادا کرینگے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منورحسن نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کی گو امریکہ گو تحریک کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گو امریکہ گو صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ امریکہ کے استعماری عزائم اور اسکے نیوورلڈ آرڈر کے خلاف جدوجہد کا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ہی دنیا میں امن وانصاف کی ضمانت دے سکتا ہے۔ ملک کو بد امنی ، انارکی اور دہشت گردی کی دلدل میں دھکیلنے والے کسی صورت امن نہیں لا سکتے ۔ یہ لوگ ہر وقت عوام کو بے وقوف بناتے ہیں۔عوام حقیقی تبدیلی کے لیے جماعتا سلامی کا ساتھ دے۔ انتخابات کا التویٰ ملک کو مزید بد امنی کی طرف راہ ہموار کرنے کے مترادف ہو گا۔ انتخابات کا شفاف انعقاد اور آزاد الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی ہی ملکی مسائل میں کمی کی ضمانت ہے۔

جماعت اسلامی کے پاس ہر سطح پر اہل اور دیانتدار قیادت ہے۔ ہر بار عوام جن سے ڈھنسے جاتے ہیں ان کے بجائے اب اہل اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔ نواجوان تبدیلی کا ہر اول دستہ ہوں گے۔ دریں اثناء جمعیت کا اجتماع جاری ہے اور آج آخری روز لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر سید وسیم اختر، پروفیسر محمد ابراہیم اور دیگر مہمان ہوں گے۔ آج نو منتخب ناظم اعلیٰ کا اختتامی خطاب بھی ہو گا۔
جاری کردہ
مرکزی میڈیا سیل
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0346-5265947306-8884353

Peshawar Munawar Hassan Addressing

Peshawar Munawar Hassan Addressing