10فروری کو یوم یکجہتی کشمیر اور مقبول بٹ شہید کی برسی پورے جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

بھمبر (جی پی آئی)تارکین وطن نام نہاد بھارتی جمہوری اور سیکولر چہرے کو بے نقاب کرینگے یورپ میں مقیم کشمیری کمیونٹی 10فروری کو اٹلی کے شہر بریشیا میں یوم یکجہتی کشمیر اور مقبول بٹ شہید کی برسی پورے جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی تقریب میں بیرسٹر عبدالمجید ترمبو خصوصی شرکت کرینگے ان خیالات کا اظہار یورپ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے سینئر نائب صدر راجہ عمران خالق آف بنڈالہ نے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک مقیم کشمیری کمیونٹی اپنے وطن کی آزادی کیلئے بڑی تڑپ رکھتے ہیں اور ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کررہی ہے 10فروری کو اٹلی کے شہر بریشیا میں کشمیری کمیونٹی بھرپور اندا ز میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ یکجہتی منائے گی اور قائد کشمیر مقبول بٹ شہید کا یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منائے گی انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک مرحلے پر آج کشمیری قوم کو مقبول بٹ شہید جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جو کشمیریوں کو آزادی دلا سکے اوورسیز کمیونٹی 10فروری کو مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پورے دنیا کے اندر بے نقاب کرینگے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے احساس دلائیں گے۔