ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش اور برفباری کا امکان

Pakistan Snow

Pakistan Snow

پاکستان (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا سمیت بیشتر علاقوں میں آج بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے بارہ گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پشاور میں 39 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔میانوالی اور ڈی آئی خان میں 24 ، بھکر میں 20، نور پور تھل اور گڑھی ڈوپٹہ میں 18 ،رسالپور اور دیر میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی ۔

جوہر آباد، پارہ چنار، سیدو شریف، چراٹ ، منگلا، چلاس ،چکوال، اسلام آباد، دروش ، گلگت ، کاکول ،منڈی بہاؤ الدین اور جہلم میں بھی باد ل برسے۔مری اورگلیات میں یخ بستہ ہواوں کے ساتھ رات کو بھی برف باری جاری رہی۔ ملکہ کوہسار میں اس وقت دو فٹ سے زائد اور گلیات میں تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے بارہ گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر ،جنوبی پنجاب میں بیشتر مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔