اسلام آباد(جیوڈیسک)الیکشن کمیشن نے ٹیکس نادہندہ ستر فیصد ارکان اسمبلی کی انتخابات میں شمولیت روکنے پر غور شروع کر دیا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی کے ساتھ ٹیکس دینے کا بیان حلفی بھی لینے کی تجویز دے دی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر فخر الدین جی ابراہیم کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اعلی سطح اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات میں ٹیکس اور بینک ڈیفالڑز کا راستہ روکنے اور سرکاری بھرتیوں پر سے پابندی اٹھانے کی حکومتی درخواست پر بھی غور ہے۔
سپریم کورٹ نے سرکاری بھرتیوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے خط لکھا ہے۔ عدالت عظمی کے خط میں الیکشن کمیشن سے استفسار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے لگائی گئی پابندی کا سپریم کورٹ میں ہونے والی بھرتیوں پر کیا اثر ہو گا۔
وزارت داخلہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور محکمہ صحت نے بھی الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔ دوسری جانب وفاقی ٹیکس محتسب کی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2011 میں 70 فیصد ارکان اسمبلی نے ٹیکس نہیں دیا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے ارکان اسمبلی کے ٹیکس سے متعلق سخت اقدامات کرنے کی سفارش جبکہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی کے ساتھ ٹیکس دینے کا بیان حلفی بھی لینے کی تجویز دی ہے۔