گجرات کی خبریں(جی پی آئی )07-02-2013
Posted on February 8, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز, گجرات
گجرات(جی پی آئی ) ریفرنڈم جیتنے والی لیبر یونینز کے اعزاز میں آج ظہرانہ دیا جائے گا ظہرانہ کی تقریب دن 12بجے امتیاز لیبر ہال میں منعقد ہوگی جس کی صدارت آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹیڈ ٹریڈ یونینز کے مرکزی جنرل سیکرٹری پیر زادہ امتیاز سید کریںگے جب کے تقریب کے مہمانان خصوصی ڈی سی او نوازش علی اور ڈی پی راجہ بشارت ہونگے۔ تقریب میں ٹی ایم اے اور ووڈ ورکنگ سنٹر گجرات کی ریفرنڈم میں کامیاب ہونے والی یونینز کے عہدیداران اور ممبران شرکت کریں گے۔
۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی ) سی آئی اے سٹی سرکل گجرات کے انچارج سب انسپکٹر فراست اللہ چھٹہ کی زیر نگرانی پولیس کی نفری نے چھاپے مار کر درجن بھر سے زاہد مختلف مقدمات میں ملوث اشتہاری، منشیات فروش ، جواری اور ڈکیت گرفتار کرلیے ہیں یاد رہے کہ فراست اللہ چھٹہ کی نگرانی میں ڈی پی اوگجرات نے ایک خصوصی ٹیم قائم کی ہے جو کہ سٹی سرکل میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کررہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی ) سپائیڈر مین کا معاملہ جوں کا توں پولیس بے بس۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ سول لائن کے علاقہ میں چوری اورڈکیتی کی وارداتوں کے بعد سپائیڈر مین گروپ جرائم کی وارداتوں کیلئے پولیس تھانہ اے ڈویژن اور تھانہ لاری اڈا کے علاقوں میں متحرک ہوچکا ہے پولیس کے ناکے اور گشت بھی اس گینگ کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ریلوے روڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹھیکری پہرہ دینا شروع کردیا ہے کیونکہ سپاپیڈر مین گروپ کی کاروائیوں کی وجہ سے عوام میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی پی او گجرات پولیس کو عملی طور پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کی تقریب حلف وفاداری آج منعقد ہو گی
گجرات(جی پی آئی )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کی تقریب حلف وفاداری آج منعقد ہو گی ، تقریب کے مہمان خصوصی جسٹس مظہر علی اکبر نقوی ہونگے ، جو کہ نو منتخب عہدیداران سے حلف لینگے ، حلف وفاداری کی تقریب دن گیارہ بجے ڈسٹرکٹ بار کمپلیکس میں منعقد ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات معاشی انقلاب فورس کے زیر اہتمام عوامی احتجاجی واک 11فروری کو ہو گی
گجرات(جی پی آئی )گجرات معاشی انقلاب فورس کے زیر اہتمام عوامی احتجاجی واک 11فروری بروز سوموار دن ساڑھے بارہ بجے چوک پاکستان تاکچہری چوک منعقد ہو گی ، واک کی قیادت عمر مسعود فاروقی کرینگے ، سٹی صدر رانا مشرف علی ناز اور جنرل سیکرٹری خالق محمود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واک کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا ہے کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ کرپشن ، لینڈ مافیا ، لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ، انہوں نے کہا کہ گجرات معاشی انقلاب فورس عوامی مفادات کی ترجمانی کرتی ہے اور ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں گے ، کیونکہ سیاسی نظام نے زندگیوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
انجمن بہبودی مریضاں عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی تقریب حلف وفاداری کل ہو گی
گجرات(جی پی آئی )انجمن بہبودی مریضاں عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی تقریب حلف وفاداری کل 9فروری بروز ہفتہ دن بارہ بجے فاران میرج ہال جی ٹی روڈ گجرات میں منعقد ہو گی ، تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری احمد سعید ہونگے ، جو کہ نو منتخب عہدیداران سے حلف لینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوامی انقلاب مارچ اور جلسہ عام 15فروری کو انعقاد پذیر ہو گا
گجرات(جی پی آئی )پاکستان عوامی تحریک ضلع گجرات کے راہنما اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ضلعی صدر مہر یوسف یعفور نے پی پی 111کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی انقلاب مارچ اور جلسہ عام 15فروری بروز جمعتہ المبارک گوجرانوالہ میں انعقاد پذیر ہو گا ، جس میں ضلع گجرات سے ہزاروں افراد شرکت کرینگے ، انہوں نے کہا کہ کارکن عوامی مارچ میں شرکت کر کے مارچ کو کامیاب کریں کیونکہ مارچ کا مقصد غریب دشمن نظام کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو ، پاکستان عوامی تحریک اپنے قائد شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں متحد ہیں اور ان کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہیں ، کیونکہ انہوںنے پاکستان کی غریب اور مظلوم عوام کی آواز بلند کی ہے ، پاکستان عوامی تحریک نے اگر عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا تو بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جامع مسجد حنفیہ غوثیہ اڈا والی دولت نگر میں دولت نگر کی تاریخ کی سب سے بڑی محفل میلاد مصطفی کا انعقاد کیا گیا
گجرات (جی پی آئی) جامع مسجد حنفیہ غوثیہ اڈا والی دولت نگر میں دولت نگر کی تاریخ کی سب سے بڑی محفل میلاد مصطفی کا انعقاد کیا گیا ، نگرانی خطیب مسجد ہذا مجاہد اہلسنت حضرت علامہ محمد احسان قادری نے کی ، خصوصی تعاون القاسم ٹرسٹ ڈھوڈھا شریف ڈھلو برادران اور دیگر نے کیا محفل میں علاقہ بھر کے نامور علماء کرام قراء حضرات مشایخ عظام کی کثیر تعداد موجود تھی ، ٹھیکیدار محمد یوسف مٹھو چوہدری ارشد ڈھلو ، محمد عاطف بٹ غوثیہ بیکری مین بازار کے تاجران کی خصوصی محبت بھی شامل تھی ، خصوصی خطاب علامہ مفتی محمد اکرام اللہ زاہد علامہ حسنات احمد چشتی نے فرمائے ، علامہ بلال اکبر کی شریں بیانی نے ماحول کو گرمائے رکھا ہدیہ عقیدت ارشد قادری ، محمد اعظم نامور ثناء خوانِ مصطفی قاری محمد شفیع نوشاہی نے پیش کیا ، نامور علمی روحانی شخصیت حضرت صاحبزادہ محمد احمد قادری رحمتہ اللہ علیہ رونق ڈھوڈھا شریف کی علمی ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری خالد حسین خالد زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد 9فروری کو منعقد ہو گی
گجرات (جی پی آئی) چوہدری خالد حسین خالد ناظم اعلیٰ مرکزی انجمن ثناء خوان، مصطفی ڈوگہ شریف کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی 9فروری بروز ہفتہ دن ایک بجے تا نماز عصر مکی مسجد محلہ رحمت آباد ڈوگہ شریف میں منعقد ہو گی ، علامہ محمد علی طاہر قادری محمد شفیع نوشاہی خطاب فرمائین گے ، محفل میں اہلیان ڈوگہ شریف کو میلاد النبی کے جلوس کے موقع پر بہترین سجاوٹ پر ایواڈ دئیے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سالانہ عظیم الشان محفل میلاد مصطفی 9فروری بروز ہفتہ ماجرہ شمالی کڑیانوالہ میں منعقد ہو گی ، جس کی صدارت پیر طریقت رہبر شریعت پیر سید انتصار الحسن شاہ سروری قادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوث یگانہ چھالے شریف کرینگے ، جبکہ مہمان خصوصی پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی اور پیر سید صفدر حسین شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ سوک کلاں ہونگے ، خصوصی خطاب علامہ جمال الدین بغدادی کرینگے ، ممتاز ثناء خوانِ رسول تحسین شہزاد مدنی ، قاسم حسان ، محسن رضا قادری ہدیہ نعت پیش کرینگے ، تلاوت کلام پاک کا شرف قاری سید صداقت علی شاہ اور قاری حبیب اللہ چشتی حاصل کرینگے ، یہ محفل پاک حاجی امجد علی کی زیر نگرانی ہو رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وارسن ہومیو لیبارٹریز کے زیر اہتمام ایک معلوماتی ڈرگ ایکٹ پروگرام بسلسلہ ڈرگ بل 2012منعقد ہو رہا ہے
گجرات (جی پی آئی) وارسن ہومیو لیبارٹریز کے زیر اہتمام ایک معلوماتی ڈرگ ایکٹ پروگرام بسلسلہ ڈرگ بل 2012منعقد ہو رہا ہے ، جس میں ممتاز ریسرچ سکالر شرکت کرینگے ، اور مکالے پیش کرینگے ، سید امتیاز حیدر شاہ کی زیر نگرانی یہ تقریب منعقد ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رانا مشرف علی ناز کی رہائشگاہ پر گجرات اکنامکس فورس کی خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی
گجرات (جی پی آئی) رانا مشرف علی ناز کی رہائشگاہ پر گجرات اکنامکس فورس کی خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی ، جس میں 11فروری کو ہونے والی واک کے انتظامات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا ، میٹنگ کی قیادت چیئرمین گجرات معاشی انقلاب فورس عمر مسعود فاروقی نے کی ، جبکہ میزبان رانا مشرف علی ناز تھے ، اس موقع پر خالق محمود ، روحان شاویز ملک ، حافظ ظہیر عباس سندھو ، حکیم مسعود مشہدی و دیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات معاشی انقلاب فورس کے چیئرمین عمر مسعود فاروقی نے ایگزیکٹو ڈسٹر آفیسر ایجوکیشن محمد طاہر کاشف سے ان کے دفتر میں ملاقات
گجرات (جی پی آئی) گجرات معاشی انقلاب فورس کے چیئرمین عمر مسعود فاروقی نے ایگزیکٹو ڈسٹر آفیسر ایجوکیشن محمد طاہر کاشف سے ان کے دفتر میں ملاقات ، ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، عمر مسعود فاروقی نے گجرات معاشی انقلاب فورس کے قیام کے حوالہ سے انہیں بریفنگ دی اور 11فروری کو ہونے والی واک میں شرکت کی دعوت دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما چوہدری ظہیر اصغر کائرہ نے کہا کہ 80لاکھ روپے کی لاگت سے لالہ موسیٰ میں 8واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا منصوبہ عنقریب پائیہ تکمیل تک پہنچے گا ، گزشتہ روز انتظامیہ کے ہمراہ واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے مقامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ان مقامات میں گردوارہ سکول ایم سی سکول عید گاہ روڈ ، گرلز سکول ٹینکی محلہ مڈل سکول ، بہاری کالونی ، محلہ جامع مسجد ، محلہ کائرہ ، نزدگوشت مارکیٹ اور جامع مسجد ریلوے روڈ شامل ہیں ، ظہیر اصغر کائرہ نے کہا کہ وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کی گرانٹ سے لالہ موسیٰ اور حلقہ 106میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کیے جا رہے ہیں ، پیپلز پارٹی کی عوام حکومت مسائل کے خاتمہ کے لیے انکی دہلیز پر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گھریلو تنازعہ پر خاوند نے چھریاں مار کر بیوی زخمی کر دی
گجرات (جی پی آئی) گھریلو تنازعہ پر خاوند نے چھریاں مار کر بیوی زخمی کر دی ، 3گھنٹے سرجری کے بعد گہرے زخموں کے باعث ٹراما سنٹر داخل ، تھانہ سٹی لالہ موسیٰ نے معمولی زخم اور قابل دست اندازی پولیس قرار دیکر تاحال مقدمہ درج نہیں کیا ، زخم معمولی ہیں ، مقدمہ درج نہیں ہو سکتا ASIمحمد آصف کا موقف گزشتہ رات معمولی گھریلو تنازعہ پر محلہ قادرآباد کے رہائشی عمران ولد عبدالرشید نے اپنی بیوی رضوانہ پر چھری سے حملہ کر دیا ، جس کو اس نے اپ٩نے ہاتھ پر زخم کھا کر بچایا لیکن شدید زخمی ہونے پر اسے ٹراما سنٹر لے جایا گیا جہاں گہرے زخموں کے باعث اسکے 3گھنٹوں تک آپریشن کے بعد اسکی حالت تسلی بخش قرار دی جا رہی ہے ، ملزم پہلے مفرور اور اب پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہے ، جبکہ سٹی پولیس کے خوف سے مدعی تھانہ بھی نہیں جا رہے ، جبکہ ڈاکٹروں کے مطابق 337L2کا مقدمہ درج ہو سکتا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الیکشن میں عوام ڈرامے نہیں کارکردگی دیکھ کر فیصلہ کرینگے: چودھری پرویزالٰہی
گجرات(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں عوام ڈرامے نہیں کارکردگی دیکھ کر فیصلہ کرینگے، پنجاب میں ہماری حکومت ے دور میں ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی شروع کی گئی تھی لیکن شریف برادران نے ان ادویات کے فنڈز بھی لاہور جنگلہ بس پر لگا دئیے ہیں۔ وہ گجرات میں سابق ناظمین، نائب ناظمین اور معززین کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ہمارے دور کے سب سے خوشحال صوبہ کو کنگال کر دیا ہے، آج ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں مل رہیں، ڈاکٹر سڑکوں پر ہیں اور مریضوں کی کسی کو پروا نہیں، پورے صوبہ میں افراتفری کاعالم ہے، عوام کو ڈراموں سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا اور نہ دھاندلی سے الیکشن جیتا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلہ میں پنجاب میں ہماری حکومت نے عوامی خدمت کے 14 ادارے ایسے بنائے جن کی مثال پہلے پاکستان میں نہیں ملتی، ہم نے تعلیم کو عام کیا، ہسپتال، سڑکیں، تعلیمی ادارے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایسے نمائندوں کو ووٹ دیں جو ان سے مخلص ہوں اور ان کی خدمت کریں، ہم عوامی مسائل حل کرنے کیلئے الیکشن لڑتے ہیں، خلوص نیت سے عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کی خوشحالی اور انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے ہم سب کو میدان عمل میں نکلنا ہو گا اور ایسے درست نمائندوں کا انتخاب کرنا ہو گا جو آپ کے مسائل اسمبلیوں تک پہنچا سکیں۔ سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا کہ ن لیگ نے گجرات کی سیاست میں جعلی ڈگری ہولڈروں، جھوٹے پرچے درج کروانے اور انتقامی سیاست کرنے والوں کو جنم دیا، پنجاب حکومت جعلی ڈگری ہولڈر کے خلاف کارروائی نہ کر کے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین اور ایم پی اے خالد اصغر گھرال بھی موجود تھے۔ حلقہ 105 سے ن لیگ اور تحریک انصاف کے رہنمائوں محسن رفیق بھٹی، ارشد پاشا اور حاجی فیصل نے حنیف حیدری کے ہمراہ اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اجتماع سے سابق ناظم میجر نسیم اختر فاروقی، سابق ناظم حاجی منظور ڈار، شہزاد گل، میاں پرویز اختر پگانوالہ، چودھری اظہر، ڈاکٹر رفیق، ناظم کھوکھر، چودھری عطاء اللہ گل صدر انجمن آرائیاں، چودھری خالد محمود، چودھری الیاس، عارف گجراتی، حاجی الیاس رحمان، مرزا خالد جاوید، چودھری عبد الوحید، مہر زین، چودھری جاوید سراج، عبد الحئی صدیقی، شیخ شفیق، مہر رضوان اور شاہد خان نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)جامعہ گجرات میں طلباء وطالبات کی HECبچائو ریلی، کثیر تعداد میں شرکاء نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحفظ کے لیے پُر جوش نعرے لگا ئے۔یونیورسٹی آف گجرات کے طلبا و طالبات نے حکومت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو کمزور کرنے کے بل کے خلاف پُر امن ریلی نکالی جس میں یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک طلباء و طالبات ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ختم کیے جانے کی تجویز پر سخت نالاں اور پریشان تھے۔ طلباء و طالبات کی عظیم اور پرُ امن ریلی اکیڈمک بلاکس سے شروع ہر کر ایڈمن بلاک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شریک ہونے والے تمام طلباء و طالبات کا واحد مطالبہ یہی تھا کہ حکومت فوری طور پر HECکے خاتمہ کے بل کو واپس لے اورHECکو ایک آزاد اور خود مختار ادارے کے طور پر کام کرنے دیا جائے۔ کیونکہHECہی اس ملک میں اعلیٰ تعلیم کو عام کرنے کا ایک ادارہ ہے۔ کیونکہ اگرHECکو ختم کر دیا گیا تو ہزاروں بلکہ لاکھوں طلباء و طالبات کا مستقبل دائو پر لگ جائے گا۔ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اتنی مہنگی ہو جائے گی کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم کے صرف خواب دیکھتے رہ جائیں گے۔ اس موقع پر طلباء وقاص حیدر(شعبہ قانون)، کمال احمد (ماحولیاتی سائنسز)، محمد علی حیدر گجر( سماجیات) ، ضمیر الحسن ( سیاسیات)، شبیر جمیل، نجم، آصف شبیر، صبغت اللہ اور ذوق احمد (ماس کمیونیکشن)نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ طلباء وطالبات HECجیسے اعلیٰ تعلیم کے ادارے کو بچانے اور قائم رکھنے کے عزم سے بھرپور ہیں اور وہ ہر سطح پر اس رویہ کی مذمت کرتے ہیں کہ ہائرا یجوکیشن کمیشن جیسے ادارے کو ختم کیا جائے۔ ایڈمن بلاک کے سامنے ریلی کے شرکاء نے HECکے حق میں پر جوش نعرے بازی کی۔ جس پر رجسٹرار UOGڈاکٹر طاہر عقیل نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا حسن اپنے نکتہ نظر کے لیے قانونی جدوجہد میں مضمر ہے مجھے خوشی ہے کہ آپ لوگوں نے انتہائی مہذب طریقے سے اپنی سوچ کا اظہار کیا ہے جو یقینا قانون ساز اداروں تک پہنچے گا اور آپ کی آواز سنی جائے گی۔HEC کی خودمختاری پر انشاء اللہ کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ ہماری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پہلے ہی حکومت سے مشاورت میں مصروف ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء وطالبات نے حکومت پنجاب کی جانب سے منعقدہ پنجاب یوتھ فیسٹیول2012ء میں50کے قریب پوزیشنیں حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔یہ یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء و طالبات کی ہونہاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء و طالبات مستقبل میں اس معاشرہ کے اچھے اور ذمہ دارشہری ثابت ہونگے اور اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ بھرپور کامیابیاں حاصل کرنے پر سپورٹس کمیٹی اور انعام یافتگان مبارکباد اور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں اعزاز حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو کیش انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء و طالبات نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے20مردوں اور9عورتوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ مردوں کے مقابلوں میں یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء نے 15پہلی اور15دوسری پوزیشنیں جبکہ عورتوں کے مقابلوں میں طالبات نے13پہلی اور7دوسری پوزیشنیں حاصل کیں۔ اس طرح یونیورسٹی آف گجرات نے کل ملا کر50پوزیشنیں حاصل کیں۔ کیش انعامات دینے کی تقریب ایڈمن بلاک حافظ حیات کیمپس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین اور مہمان اعزازی رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل تھے جبکہ مہمانوں میں چیئرمین سپورٹس بورڈ محمد مشتاق بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس اخلاق احمد خاں تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میںدھاندلی کرکے اپنے امیدواروں کو جتوانے والی ن لیگ خود عدلیہ کااحترام نہیں کرتی ‘نگران حکومت کے قیام کے بعد ن لیگ کو اپنی حیثیت کا پتہ چل جائیگا ۔جنگلہ بس سروس شروع کرکے پورے پنجاب کو خادم اعلیٰ نے کنگال کردیا ہے وہ گزشتہ روز ظہور پیلس گجرات میں مختلف یونین کونسلز کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی گڈ گورننس کا حال یہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے تمام فنڈز لاہور یوں پرلگا دیئے ہیں ‘ڈاکٹرز ہڑتالیں کر رہی ہیں مریضوں کا برا حال ہے چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں عروج پر ہیں ‘ہمارے دور کے تعلیمی فنڈز لیب ٹاپ سکیم پر لگا دیئے ہیںہم نے اپنے دور میں 14ایسے ادارے بنائے ہیں جن سے آج بھی عوام فائدہ اٹھا رہے ہیں خادم اعلیٰ نے پانچ سال میںکون سا منصوبہ بنایا ہے جس سے عوام کو فائدہ حاصل ہوا ہو۔انہوں نے کہا کہ عوام کواپنے نمائندے انتخابات میں ایسے چننے چاہیے جو ایوانوں میں عوام کی بات کرسکیں ۔ن لیگ کے تمام نمائندے خادم اعلیٰ کے سامنے بات تک نہیں کرسکتے عوام کے کام کیسے کرائیں گے انہوں نے کہاکہ ہم عوام کی عزت کی خاطر الیکشن میں حصہ لیتے ہیں اصل نمائندگی کا حق اسے دینا چاہیے جو عوامی فلاح وبہبود کے لئے کام کرسکے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں افراد نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا ‘وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین ‘سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود اور سابق ناظمین اور کونسلرز کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) سرگودھار وڈ پر نالہ کی تعمیر کے دوران محکمہ ٹیلی فون کے سینکڑوںنمبر خاموش ہونے سے مکینوںاور تاجروں کارابطہ اپنوںسے کٹ کررہ گیا نالہ کی تعمیر کے دوران ٹھیکیدار نے ایکسی ویٹر مشین سے پی ٹی سی ایل کی کیبل توڑ دی جس کی وجہ سے سرگودھا روڈ اور اس کے ارگرد کے علاقوںکے سینکڑوں نمبرز سات دن سے خاموش ہوگئے ہیں ٹیلی فون کے نمبرز خاموش ہونے سے سرگودھا روڈ کے تاجر برادری کے اور عوامی حلقوں کے اپنوں سے رابطے مکمل طور پرکٹ گئے ہیں اعلیٰ حکام سے تاجر برادری سرگودھا روڈ کے نمائندوں کاشف چانداور چوہدری وصی کمبوہ و اہل علاقہ نے اپیل کی ہے کہ ٹیلی فون لائن درست کروائے جائے۔
۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)پی آئی اے کے سابق چیئر مین اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء چوہدری احمد سعید آج مورخہ08فروری کو گجرات کا دورہ کریں گے وہ سروس ریسٹ ہائوس گجرات میں مسلم لیگ ن کی ضلعی قیادت کے علاوہ پارٹی کارکنان اور شہری وفود سے ملاقاتیں کرینگے ‘چوہدری احمد سعید حلقہ این اے 105میں الیکشن لڑنے کے حوالے سے اہم اعلان کرینگے
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)شاہین چوک کے قریب تیز رفتار ٹرالہ سڑک کراس کرتی ہوئی کار پر گر پڑا جس کے نتیجہ میں کار میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا ٹرالہ کار پرگرنے سے کار بری طرح تباہ ہوگئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)یوسی 50پیپلزپارٹی کے ناراض رہنما مرزا شاہکار حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تخت ِ اسلام آباد کے بڑے چکر لگا ئے اب تخت ِ لاہور کو بھی دیکھیں گے عوامی حلقہ احباب کا مخلص ہونا سزا ہے کہ بندے بھی اپنے گاڑیاں بھی اپنی جانیں بھی اپنی جانی مالی ساتھ دینا اور پھر کچھ بھی ضرورتیں نہیں اور اگر حلقہ احباب کو ضرورتیں ہی نہیں تو ہمیں سیاست میں چلنے کی ضرورت ہی کیا ہے سیاست دان ، جمہوریت ، نام ہی ایک آدمی کی آواز کو ملک کے صدر اور وزیر اعظم تک پہنچنے اور عملی حل کو کہتے ہیں لہٰذا عوامی حلقہ احباب کے لئے سیاست میں آیا تھا نہ کہ الیکشن لڑنے ہمیں ہمارے عوامی حقوق ، عزت اور جان و مال کو محفوظ بنانا ہے اور انشاء اللہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز یوسی50کے ناراض رہنما مرزا شاہکار حسین نے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے عہدیداران نے عوام کو بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے جب کبھی بھی پارٹی کو کسی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو انہیں عوام یاد آ جاتے ہیں ہم نے سیاست نہیں عوامی خدمت کے مشن کو لے کر چلاہے لیکن موجودہ عہدیداران نے نے ہمارے ویژن کو الٹ کر کے رکھ دیا ہے اور عوامی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو مد نظر رکھا جا رہا ہے اگرعہدیداران کی خدمت ہی نہیں کر سکتے تو انہیں سیاست میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں انہیں فوراً اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)یوسی 50مسلم لیگ ن صدر ناصر محمود ڈار نے کہا کہ قائدین کو چاہیے کہ ضلع گجرات میں صوبائی اور قومی اسمبلی کی ٹکٹ کیلئے جو سیاسی چپقلش آپس میںکرتے رہے تو اس کا خمیازہ مسلم لیگ ن کو بھگتنا پڑے گا کیونکہ مسلم لیگ ن نے ضلع گجرات میں بیشمار ترقیاتی کام کئے ہوئے ہیں اور مسلم لیگ ن کا گراف بھی ضلع گجرات میں بہت مضبوط اور بلند نظر آ رہا ہے لیکن یہ جو سیاسی چپقلش پارٹی ٹکٹ کو لے کر ہو رہی ہے اسے فورا ًروکنے کی ضرورت ہے اور قائدین کو چاہیے کہ کسی ایک ایسے نمائندے کو سامنے لائیں جو علاقے اور پارٹی کے مفاد میں بہتر ہو اور اس کا نقصان پارٹی کو نہ پہنچنے انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا دور مسلم لیگ ن کا دور ہے اور ایسا نہ ہو کہ آپس کے اختلافات کی وجہ سے پارٹی کو بے حد نقصان ہونے کا خدشہ ہے اگر بر وقت کاروائی نہ کی جائے تو اس کا خمیازہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ہو گا اور قائدین کو کسی ایک ایسے اشخاص کو صوبائی اور قومی اسمبلی کے لئے منتخب کریں جس پر سب کا اتفاق رائے ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)کوٹ گھکہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی محمد علی ساہی کے بھائی کی رسم قل ان آبائی گائوں کوٹ گھکہ کی جامع مسجد میں ادا کی گئی اس موقع پر سیدغلام مصطفےٰ شاہ دعا کروائی ختم قل میں چوہدری اظہر ساہی جرمنی،چوہدری طارق دھوتھڑ ،قاری غلام بشیر قادری،حافظ مسعود احمد،باقر حسین عابد کے علاوہ علاقہ کی ممتاز شخصیات موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لالہ موسیٰ کے صدر سہیل نواز خان ،چوہدری امانت علی آف خواص پور ،ڈاکٹر اکرام الرحمٰن ہاشمی ،حاجی چوہدری رفیق احمد دھامہ،مرزا طارق مقصود نے اپنے یک مشترکہ بیان میں کہا کہ فیس بک پر سٹی آف لالہ موسیٰ کے نام سے ایڈریس میں جو ووٹنگ ہورہی ہے جس میں حلقہ پی پی 112کے متوقع تمام امیدوران جن کی تعداد 19ہے کے نام درج ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر راہنما نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ بھاری اکثریت سے سر فہرست ہیں ہم سب نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ اس کے مستحق ہیں اور ان کا ماضی گواہ ہے کہ 1987سے لے کر یہ عوام میں موجود ہیں کہ ان کے اتنے طویل عرصہ میں ان پر کسی بھی قسم کی کرپشن کا الزام نہیںلگا اور کرپشن کرنا تو دور انہوں نے کبھی کرپشن کے بارے میں سوچا بھی نہیں ۔ہم عوام کی سوچ اور رائے کا احترام کرتے ہیںاور اب عوام بیدار ہو چکے ہیں وہ اپنی قیادت کسی کرپٹ اور غلط فرد کے ہاتھ میں نہیں دیں گے نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ ایک نڈر ،بے باک اور ایماندار قائد ہیں اور ہم سب ان کی قیادت میں مل جل کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے اور انشاء اللہ حلقہ پی پی 112میں ان کی کامیابی کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com