کراچی شاہ فیصل ٹائون میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران سینکڑوں تجاوزات اور شاہراہوں پر قائم متعدد غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز کا خاتمہ کردیا گیا ،تاجر تنظیموں اور عوامی شکایات پر چیف آفیسر شاہ فیصل ٹائون کے احکامات پر محکمہ انسداد تجاوزات سیل نے سڑکوں ، فٹ پاتھوں اور سروس روڈز پر قائم تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات اور وہیکل اسٹینڈز کا خاتمہ کرکے شاہراہوں کو رکاوٹوں سے پاک کردیا۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور ٹریفک کی روانی کے حوالے سے TMA شاہ فیصل کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹریفک جام سے عوام کو چھٹکارہ دلا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں شاہراہوں ، سروس روڈ اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات اور رکاوٹوں کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ یقینی بنا یا جائے انہوں نے کہاکہ شاہراہوں پر قائم تجاوزات کی وجہ سے جہاں عوامی مشکلات میں اضافہ وہیں علاقائی خوبصورتی کو بگاڑنے کا باعث بن رہا ہے۔
نشاط ضیاء قادری نے تاجر تنظیموں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں تجاوزات قائم کرنے والی کی حصولہ شکنی کی جائے اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے ساتھ کشادہ شاہراہیں اور ٹریفک کی روانی میں حائل دشواریوں کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
شاہ فیصل ٹائون میں شاپنگ سینٹروں ،شبزی و فروٹ مارکیٹوں سمیت اہم شاہراہوں پر ہر قسم کی پارکنگ پر پابندی عائد کردی گئی اور اس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنا یا جارہا ہے چیف آفیسر نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رکھ کر شاہراہوں کو ہر قسم کی رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات شاہ فیصل ٹائون کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کے قیام کی روک تھام کے لئے نگرانی کا موثر نظام قائم کریں چیف آفیسر نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے شاہ فیصل ٹائون میں آخری تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے۔