مسلم لیگ ق صحافت کی طاقت ، رہنمائی ، اور سچائی پر یقین رکھتی ہے:حلیم عادل شیخ

کراچی (جی پی آئی )قائد لیگ کے رہنما و صوبائی جنرل سکیرٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق صحافت کی طاقت ، رہنمائی اور سچائی پر یقین رکھتی ہے۔حکومت میڈیا کو آزاداور مزید بااختیار بنانے کے لیے سیکورٹی اور وسائل فراہم کرے۔بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے باعث انتخابی عمل متاثر ہونے کا خد شہ ہے ۔انتخابی عمل کو امن و امان کے بغیر شفاف بنانا ناممکن ہے ۔جنگ کتنی بھی طویل کیوں نہ ہوبلا خربات چیت کی طرف ہی لوٹنا پڑتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم مزاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہر مسئلے کا حل تلاش کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

حکومت جمہوری استحکام کے لیے شفاف انتخابات کی طرف بڑھ رہی ہے مگر مسلم لیگ نواز کی سیاست عوام میں ذہنی انتشار پیدا کررہی ہے جو انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کے مترادف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سیاسی مقاصد کی خاطر ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا وقت نہیں ہے۔ ہم نے ہمیشہ اس فیصلے پر لبیک کہا جو تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کے لیے قابل احترام ہو۔ عوام کو اس وقت امن کی ضرورت ہے صرف بیان بازی سے مسائل حل نہیں ہونگے اور اس سلسلے میں تمام جماعتوں کی مشاورت سے ایسی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ بامقصد اور مثبت نتائج حاصل ہوسکیں۔انہوں نے مزیدکہ معاشرتی نظام میں اصلاحات مشترکہ جدوجہد سے ہی حاصل کی جاسکتی ہیں ہم اپنے آپ کو ٹھیک کرلیں تو معاملات خود بخود ٹھیک ہوجائیں گے۔