واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن امریکا کے سابق صدور اور ان کے اہل خانہ کے ای میل اکاونٹ ہیک کیے جانے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سینئر بش ، جونیئر بش اوران کے اہل خانہ کے 4 دیگر افراد کے ای میل اکاونٹ ہیک کیے گئے اور ان کی ای میلوں اور تصاویر تک رسائی حاصل کی گئی۔
نامعلوم ہیکر نے بش فیملی کی کئی تصاویر اور ای میل انٹرنیٹ پر شائع بھی کر دی ہیں۔ ہیکر نے دعوی کیا ہے کہ اس نے بش فیملی کی 2009 سے اب تک کی خط کتابت اور نجی معلومات تک رسائی حاصل کی ہے۔ سینئر بش کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی سیکریٹ سروس اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔