سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ وہ عالمی کرکٹ میں واپسی کے لیے بے چین ہیں اور دعا ہے کہ عالمی ثالثی عدالت ان کی معطلی کی سزا ختم کردے۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر لوزان میں عالمی ثالثی عدالت میں پابندی کے خلاف سلمان بٹ کی اپیل کی سماعت ہوئی جس کے بعد عالمی عدالت کا فیصلہ چار سے چھ ہفتوں میں آنے کا امکان ہے۔
اپنے ایک بیان میں سلمان بٹ نے کہا کہ وہ عالمی ثالثی عدالت کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ان کا موقف سنا۔ ان کا کہنا تھاکہ وہ ستمبر دوہزار دس سے کرکٹ سے دور ہیں جس کا انھیں شدید افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں کرکٹ سے محبت ہے کیونکہ وہ ان کی رگوں اور خون میں رچی بسی ہے۔ سلمان بٹ کا کہنا ہیکہ انھیں عدالت کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار ہے۔