نگران وزیراعظم کے نام پر اگلے ہفتے میٹنگ میں بات ہو گی : قادری

Tahir Ul Qadri

Tahir Ul Qadri

لاہور (جیوڈیسک) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا نگران وزیر اعظم کے نام کا فیصلہ آئندہ ہفتے ہونے والی میٹنگ میں متوقع ہے۔ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین، نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الہی اور مشاہد حسین سید سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ انہوں نے ملک میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے لئے پیٹیشن دائر کی ہے جس میں الیکشن کمیشن کے کسی رکن پر ذاتی نوعیت کے الزامات نہیں لگائے بلکہ آئینی نکات اٹھائے ہیں۔ طاہر القادری نے کہا سپریم کورٹ میں خود دلائل دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہونی والی ملاقات میں مسلم لیگ ق سے انتخابی اتحاد سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے نام پر سرسری بات ہوئی ہے۔ انہوں نے انقلاب مارچ کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت 15 فروری کو گوجرانوالہ جبکہ 17 فرروی کو فیصل آباد میں مارچ ہوں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ طاہر القادری سے ملاقات گزشتہ ملاقات کا حصہ تھی ، صدر آصف زرداری گزشتہ روز بیرون ملک کے دورے پر تھے جس کے باعث ملاقات میں تاخیر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر قاون فاروق ایچ نائک اور قمر زمان کائرہ بھی شامل ہوں گے۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ طاہر القادری سے ملاقات خوشگوار رہی اور کئی اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا امید ہے کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے۔