شفاف انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں ، امیر پٹی
Posted on February 10, 2013 By Zain Webmaster کراچی
کراچی : روشن پاکستان پارٹی (محب وطن ) کے قائد امیر پٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کئی سالوں سے جاری سیاسی کھیل میں صرف دو ہی کھلاڑیاں پوزیشنیں سنبھالے گول کرنے اور فتح کا جشن باری باری منانے میں مصروف ہیںا ور اب بھی ان دو پارٹیوں کی یہی خواہش و کوشش ہے کہ اس کھیل میں کوئی تیسرا فریق شامل نہ ہوپائے مگر پاکستان کے عوام یہ جان گئے ہیں کہ اب نہ تو پیپلز پارٹی بھٹو کی پارٹی رہی ہے اور نہ ہی مسلم لیگ قائد اعظم کی مسلم لیگ بلکہ دونوں ہی جماعتیں ابن الوقت عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہیں اسی لئے اب عوام ان تمام لوگوں سے نجات چاہتے ہیں جو عرصہ سے اس ملک وقوم کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں اور یہی خوف روایتی سیاستدانوں کو دامن گیر ہے جس کی وجہ سے وہ شفاف انتخابات کی راہ میں حیلے بہانوں سے روڑے اٹکا رہے ہیں۔
کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس بار اگر انتخابات روایتی کی بجائے شفاف ہو گئے تو بیشتر سیاسی بت ڈھے جائیں گے اور اقتدار خواص سے نکل کر عوام کے ہاتھ آجائے گا اسی لئے ملک میں افراتفری ہیجان دہشت گردی اور خوف کے ساتھ تفرقہ لسانیت اور صوبائیت کے عفریت کو بھی ہانکا جارہا ہے تاکہ حالات خراب کرکے انتخابات مؤخر کردیئے جائیں اور متوقع انقلاب کو سبوتاژ کرکے اقتدار کو عوام کے پاس جانے سے بچایا جا سکے۔