لندن (جیوڈیسک) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دوہری شہریت رکھنے والوں کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا حق دلانے کے لئے قانون سازی کی کوشش کریں گے، پاکستان کی منزل شفاف انتخابات اور مستقبل جمہوریت ہے۔
لندن میں پاکستانی کیمونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک قیم پاکستانیوں نے معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دہری شہریت والے ووٹ ڈال سکتے ہیں تو انہیں الیکشن لڑنے کا بھی حق ہونا چاہئے۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ قائد عوام نے عام آدمی کے ووٹ کا حق دلانے کیلئے جدوجہد کی ، جسٹس نسیم حسن شاہ بھی کہتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کو غلط پھانسی دی گئی۔
وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے 2008 میں مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، بحران دیکھ کر اتحادی جماعت نواز لیگ بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت نے اپنی حکمت سے زیادہ تر بحرانوں پر قابو پالیا ہے۔ حکومت کے ابتدائی دور میں گندم درآمد کرنا پڑتی تھی آج برآمد کی جارہی ہے، ایران سے گندم کے بدلے بجلی خریدی جا رہی ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں، حکومت بہاولپور صوبے کے قیام کے لئے سنجیدہ ہے لیکن بدقسمتی سے مخالفین اس پر سیاست کر رہے ہیں۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اسمبلی دینا اور فرنٹیئر صوبے کو خیبر پختونخوا کا نام دینا موجودہ حکومت کا اعزاز ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عام آدمی کے دل کی آواز ہے، دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں سیاست، میڈیا اور عدلیہ زیادہ آزاد ہیں۔