امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ میں مفرور سابق پولیس اہلکار پر دس لاکھ ڈالر انعام مقرر، سابق پولیس اہلکار کرسٹوفر ڈورنر پر تین افراد کے قتل کا الزام ہے۔
نیویارک: امریکہ میں لاس اینجلس پولیس کے حکام نے ایک مفرور سابق پولیس اہلکار کا پتا بتانے کے لیے 10 لاکھ امریکی ڈالر انعام کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ سابق پولیس اہلکار کرسٹوفر ڈورنر پر تین افراد کے قتل کا الزام ہے اور وہ جنوبی کیلیفورنیا میں حملے کے بعد سے مفرور ہے۔ انعام کا اعلان کرتے ہوئے لاس اینجلس کے میئر اینٹونیو ویلا رائگوسا نے کہا کہ اس دہشت کے دور کا خاتمہ ضروری ہے۔
ڈورنر نے پولیس افسروں سے بدلہ لینے کی بات کہی تھی جنہیں وہ اپنی 2008 میں ہونے والی برطرفی کا ذمہ دار مانتے ہیں۔ انعام کا اعلان کرتے ہوئے ویلارائگوسا نے کہا کہ ہم یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ کوئی ہماری سکیورٹی کو اپنے ہاتھوں میں لے اور امن برباد کرے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس دہشت کے دور کو برداشت نہیں کریں گے جس نے ہمارے اس ذہنی سکون کو چھین لیا ہے جس کے جنوبی کیلیفورنیا والے حقدار ہیں۔ لاس اینجلس پولیس محکمے کے سابق پولیس افسر ڈورنر پر تین لوگوں کے قتل کا الزام ہے۔
ان تین مقتولین میں ایک اس ریٹائرڈ کیپٹن کی بیٹی بھی شامل ہیں جنھوں نے 2008 کی تادیبی کارروائی میں مسٹر ڈورنر کی نمائندگی کی تھی۔ فی الحال پولیس 50 خاندانوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے جن میں سے زیادہ تر لاس اینجلس پولیس محکمے سے تعلق رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈورنر نے اپنے کیرئیر کی بربادی کا ان پر الزام لگایا ہے اور ان سے بدلہ لینے کا تہیہ کیا ہے۔