دنیا بھر سے اسکالر علامہ کاظمی کی علمی ،مذہبی ،روحانی و ملی خدمات پر روشنی ڈالیں گے ، حنیف طیب
Posted on February 13, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی (جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل ،نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ ، سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ 13مارچ کو علامہ سید احمد سعید کاظمی علیہ الرحمہ کے صدسالہ جشن ولادت کے موقع پر انٹر نیشنل غزالی دوراں سیمینارہوگا جس میں دنیا بھر سے مسلم اسکالرز علامہ سید احمد سعید کاظمی کی علمی مذہبی روحانی اور ملی خدمات پر روشنی ڈالیں گے ۔
ملتان ،بہاولپور ،بہاولنگر،چشتیاں اور خانگڑھ کے دورے سے واپسی پر کراچی پہنچنے پر اپنے بیان میں حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ سیمینار جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ پروفیسر سید مظہر سعید کاظمی کی نگرانی اور سرپرستی میں ہوگا جبکہ اسکے جملہ انتظامات کیلئے شیخ الحدیث علامہ سید ارشد سعید کاظمی کو ناظم سیمینا ر مقرر کیا گیا ہے کنونشن میں شرکت کیلئے ممتاز و معروف مشائخ اور جید علما کرام کو مدعو کیا جارہا ہے۔
ملتان اور اطراف کے اضلاع میں علامہ کاظمی کے شاگردوں ،مریدین و معتقدین کے اجتماعات کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔شیخ الحدیث علامہ سید ارشد سعید کاظمی نے ملتان میں سیمینار کے انتظامات کے سلسلے میں جماعت اہلسنت پاکستان کی سپریم کونسل کے رکن حاجی محمد حنیف طیب سے تفصیلی مشاورت کی۔
حاجی محمد حنیف طیب نے اپنے اس دورے میں بہاولپور ،بہاولنگر،چشتیاں اور خانگڑھ میں حضرت علامہ کاظمی کے شاگردوں ، مریدین اور تنظیم السعید کے ارکان سے ملاقاتیں کیں او ر سیمینار کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر بھرپور زور دیا۔