ریاض(جیوڈیسک)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ سطام بن عبدالعزیز انتقال کر گئے ہیں۔ان کی عمر تہتر برس تھی۔
جاری کردہ ایک شاہی بیان میں ان کے انتقال کی اطلاع دی گئی ہے۔ مرحوم شہزادہ سطام ریاض میں 1941 میں پیدا ہوئے تھے اور انھوں نے سعودی شہزادوں کے لیے مخصوص اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی۔ اس کے بعد انھوں نے برطانیہ اور امریکا سے اعلی تعلیم پائی تھی اور 1965 میں امریکا کی سان ڈیاگو یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔ شہزادہ سطام کو 1979 میں ریاض کا نائب گورنر مقرر کیا گیا تھا۔
وہ 2011 تک اس منصب پر فائز رہے تھے۔ انھیں سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے 5 نومبر 2011 کو ریاض کا گورنر مقرر کیا تھا۔ مرحوم شہزادہ سطام بہت سے خیراتی اداروں کے سربراہ رہے تھے اور سعودی عرب میں تعینات غیر ملکی سفارتی مشنز سے بھی ان کے اچھے تعلقات بتائے جاتے تھے۔