وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میڈیا اپنے قواعد و ضبط خود طے کرے۔ اپنی اقدار اور روایات کے مطابق ثقافت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت کسی چینل کو پابند نہیں بنا سکتی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کسی کے جمہوری حقوق کو سلب نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کسی نجی چینل کو پابند بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیمرا کے قوانین میں کچھ کمزوریاں ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ پیمرا اپنے احکامات پر عملدرآمد کراسکے۔ اجلاس میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے نشریات اور غیرملکی اور غیراخلاقی مواد کی روک تھام کے لیے پیمرا حکام کو خصوصی ہدایات جاری کیں گئیں۔ کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتہارات اور غیرملکی ڈراموں کے ذریعے بھارتی ثقافت کو پاکستان کی ثقافت قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن شکیل اعوان نے کہا کہ نجی میڈیا پر بیٹھ کر شیخ رشید جیسی سیاسی بدروحیں نہ صرف پاکستان کے خلاف بلکہ پولیو ویکسین کو جعلی قرار دے کر انسانیت کے خلاف بھی کام کررہی ہیں ۔ شیریں ارشد نے تجویز پیش کی کہ طاہر القادری کو شہر شہر جلسے کرنے پر میڈیا کو کوریج نہ دینے کا پابند کیا جائے۔