لاہور(جیوڈیسک) ملک کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم پھر سرد ہوگیا۔آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں ،بالائی پنجاب اور وسطی سندھ میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی بارش سے وہاں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ لاہور میں موسم جمعرات سے ہی ابر آلود تھا۔شہر میں آج بھی بادل چھائے ہیں اور کئی مقامات پر بوندا باندی بھی ہوئی ہے۔
فیصل آباد میں ہلکی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔کوئٹہ میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔شہر میں آج بھی بادل چھائے ہیں۔ نصیرآباد اور سکھر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات سے کشمیر ،لاہور ،گوجرانوالہ ،ساہیوال ڈویژن میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران پنجاب اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔