سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بنتی جارہی ہیں عمران چنگیزی
Posted on February 19, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی : سیاست کے میدان میں نظریاتی افراد کا جینا مشکل ہوگیا ہے کیونکہ مفاد پرست برساتی مینڈکوں نے سیاست کا سہارا لیکر جرائم اور لوٹ مار کو فروغ دینا شروع کردیا ہے اور سیاسی قائدین سیاسی مفادات کیلئے نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کرکے مفاد پرستوں منافقو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو اپنی صفوں میں شامل کررہے ہیں۔
جو یقینا ملک و قوم کے مستقبل کیلئے فکر انگیز ہے ۔ یہ بات روشن پاکستان پارٹی (محب وطن ) کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری عمران چنگیزی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان اقتدار و اختیار کی ہوس میں اندھے ہوکر ملک و قوم سے غداری پر تلے ہوئے ہیں اور ملک دشمن عناصر ان کی اس ہوس سے فائدہ اٹھاکر انہیں اس راہ پر لے جارہے ہیں جو نہ تو خو د ان کے حق میں بہتر ہے اور نہ ملک و قوم کے مفاد میں ہے اسی لئے سیاست کے اس اسلوب سے بیزار ہوکر میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
میں تمام محب وطن حلقوں اور اداروں کو یہ بات بتادینا چاہتا ہوں کہ میرا روشن پاکستان پارٹی سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ میں نے ہمیشہ قومی مفادات اور نظریات کی سیاست کی ہے اور ایسے کسی عمل میں شریک نہیں ہوسکتا جس کی وجہ سے ملک و قوم کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کا احتمال و اندیشہ ہو۔