پیرمحل( میاں اسد حفیظ ) محکمہ زراعت توسیع تحصیل پیرمحل میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار کے سلسلہ میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میںعلاقہ بھر سے کثیرتعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر چوہدری محمد اکرم زراعت آفیسر پیرمحل نے اپنے لیکچر میں زمینداروں سے کہا کہ گندم کو گوب کی حالت اور دانہ بنتے وقت آبپاشی ضرور کریں اور یوریا کھاد دوسری قسط ایک بوری فی ایکڑ دوسرے پانی کے ساتھ ڈال کر مکمل کر لیں اور اپنی گندم کی فصل سے جڑی بوٹیاں ہر حال میں تلف کریں ۔کیونکہ جڑی بوٹیاں گندم کے کھیت میں موجود ہوں تو 14 تا 42 فیصد پیداوار کا نقصان ہو سکتا ہے۔
جب کہ اتنا بڑا نقصان برداشت کرنا کاشتکار کے لئے ممکن نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گندم کے کھیت میں دو قسم کی جڑی بوٹیاں ہو سکتیں ہیں ایک چوڑے پتوں والی اور دوسری نوکیلے پتوں والی۔ان دونوں قسم کی جڑی بوٹیوں کو موثر طور پر کنٹرول کر کے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ان کی تلفی کے لئے محکمہ زراعت کے اہلکاران کے مشورے سے سپرے کے لئے Tجیسٹ نوزل ضرور استعمال کریں اور پانی کی مقدار 100تا 120لیٹر فی ایکڑ رکھیں ۔پانی کم استعمال کرنے سے جڑی بوٹیاں موثر طور سے تلف نہیں ہوتیں اور جڑی بوٹیوں کی کھیتوں میں موجودگی فی ایکڑ پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے۔