لاہور(جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ زر بابا اور چالیس چوروں کی لوٹ مار نے قوم کو بے حال کر دیا ہے۔ قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔
وزیر اعلی شہباز شریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری اور اس کے حواری قوم کی لوٹی دولت خورد برد کرنے کی بجائے عوام کی بھلائی پر خرچ کرتے تو آج عوام کا یہ حال نہ ہوتا۔ 5 سالہ دور میں بدترین کرپشن کرنے والے عوام کی عدالت میں جانے سے خوفزدہ ہیں۔ غربت بے روز گاری اور بجلی کے اندھیروں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
عوام کی تقدیر سے کھیلنے والے نااہل حکمرانوں کا یوم حساب قریب آگیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بت گرا دیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے صوبے کا شوشہ چھوڑ کر جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا۔