لاہور: چودھری پرویزالہی کی جانب سے پاکستان ایوارڈ اکیڈمی کیلئے 1 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا گیا

لاہور (محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الہی کی جانب سے پاکستان ایوارڈ اکیڈمی کیلئے 1 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا گیا۔ یہ اعلان این ایف سی کے چیئرمین رضوان ممتاز علی نے فلمساز مصنف و ہدایتکار سید نور کی 63 ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رضوان ممتاز علی نے کہا کہ ہمیں سید نور جیسے انمول ہیرے کی قدر کرنی چاہئے جس نے ڈوبتی ہوئی فلم انڈسٹری کو سہارا دے کر زندہ رکھا ہوا ہے ورنہ ایسے افراد کی عدم موجودگی اور بھارتی یلغار کے باعث فلم انڈسٹری بہت پہلے ختم ہو چکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کو کوئی ایسا پراجیکٹ شروع کرنا چاہئے جس سے کسانوں کو بھی کوئی فائدہ پہنچ سکے۔ اس موقع پر چودھری پرویزالہی کے میڈیا کوآرڈی نیٹر اور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے اور قبرستان کی شکل اختیار کر چکی ہے، ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مگر فنکاروں کیلئے انسٹیٹیوٹ نہ ہونے کے باعث ہمارا ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔

سید نور اندھیرے میں روشنی کی واحد کرن ہے جو دو چار ماہ بعد معاشرے میں کوئی نہ کوئی اچھی فلم پیش کر کے فلم بینوں کے دلوں میں زندہ اور سنیما گھروں کو آباد کرنے کا واحد سہارا ہیں۔ سید نور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چودھری پرویزالہی کی جانب سے پاکستان ایوارڈ اکیڈمی کیلئے 1 لاکھ روپے کی گرانٹ پر ان کے بے حد مشکور ہیں اور وہ یہ گرانٹ فلم انڈسٹری کے غریب لوگوں کے نام کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سید نور کی 63 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد میں ایوارڈ، میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

Rizwan Mumtaz Ali Syed Noor

Rizwan Mumtaz Ali Syed Noor