سینچورین (جیوڈیسک)تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے پر جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں2 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنزبنالیے۔ ہاشم آملہ 50 اور ڈو پلیسی29 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ سینچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں میزبان جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو ابتدا ہی میں اس وقت کامیابی حاصل ہوئی جب پیٹرسن10 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، انہیں راحت علی نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔
مجموعی اسکور میں25 رنز کے اصافے کے بعد کپتان گریم اسمتھ صرف پانچ رنز بناکر احسان عادل کا شکار بنے۔آج کے میچ کیلئے پاکستان نے تین تبدیلیاں کی ہیں اور ناصر جمشید، عمرگل اور تنویر احمد کی جگہ عمران فرحت، احسان عادل اور راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔پاکستان ٹیم لگاتار دو ٹیسٹ میں شکست کھانے کے بعد وائٹ واش کے خطرے سے دوچار ہے۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔