کراچی (جیو ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج نے کاروباری ہفتے کے آخری روز نئی تاریخ رقم کردی۔ ماضی میں اٹھارہ ہزار پوائنٹس پر مارکیٹ کے پہنچ جانے کی مذاق میں کی جانے والی باتیں حقیقت بن گئیں۔ جمعہ کو مثبت آغاز کے بعد ابتدا میں ہی مارکیٹ نے تاریخ میں پہلی بار 18ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو عبور کیا تو سرمایہ کاروں کے چہرے کھل اٹھے اور ہر طرف سے لا لا کی آوازیں سنائی دیں ۔
مالیاتی اداروں کی جانب سے ٹیلی کام سیکٹر کے اسٹاکس میں خریداری کی بڑی لہر سے مارکیٹ میں تمام دن تیزی کا راج رہا۔ سیمنٹ اور کیمیکل سیکٹر کی کمپنیوں کے شئیرز میں بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نمایاں نظر آئی اور ان سیکٹرز کے کئی اسکرپٹس کی قیمت ایک دن کے انتہائی اضافے پر بند ہوئی۔جمعے کا دن مارکیٹ کے نام رہا اور ریڈی مارکیٹ میں آٹھ ماہ کے بعد 37 کروڑ شئیرز کی ریکارڈ لین دین ہوا۔کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈانڈیکس 153پوائنٹس کے اضافے سے 18074پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔