خادم اعلیٰ کبھی ہماری گلی آئو نا

Metro Bus

Metro Bus

جناب عالیٰ راقم کاہنہ نوشہزادہ رورڈ لاہورکا رہائشی ہے۔ جس راستے سے گزر کر ہم گھر پہنچتے ہیں اُس کا نام تو شہزادہ رورڈ ہے لیکن حالت کسی کمی یامزارے سے بھی بدتر۔کھیتوں کے درمیان سے گزرتی ہوئی پگڈنڈیاں بھی شہزادے روڈ سے صاف ہوتی ہیں ۔کاہنہ نو گنجان آباد اور میٹرو بس کے آخری سٹاپ (یعنی گجومتہ )کاقریبی علاقہ ہے۔خادم اعلیٰ پنجاب ہر دوسرے ،تیسرے دن میٹروبس منصوبے کی نگرانی کرتے ہوئے گجومتہ میں دیکھے جاتے ہیں ۔شہزادہ روڈ گجومتہ سے پانچ منٹ کی مسافت پر واقع ہے لیکن خادم اعلیٰ کی کبھی نظر نہیں پڑی مجھے قوی یقین ہے کہ اگر نظرپڑی ہوتی تو وہ کچھ نہ کچھ ضرور کرتے۔

خادم اعلیٰ کے مخالفین کہتے ہیں کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے بے تاج بادشاہ ہیں اور لاہور اُن کا شہزادہ ۔لیکن اُن کی اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کیونکہ خادم اعلیٰ پنجاب کبھی شہزادے روڈ پر تشریف نہیں لائے ۔اور لا بھی نہیں سکتے کیونکہ شہزادے روڈ پر اکیلا چلنا مشکل ہے تو ساتھ تشریف کیسے لائی جائے ؟اتنے گندے راستے کو دیکھ کر میں یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ خادم اعلیٰ کبھی ہماری گلی آئو نالیکن ایک گزارش ضرور کروں گا کہ جناب اعلیٰ آپ کی تھوڑی سی توجہ ہماری زندگی آسان بنا سکتی ہے۔

شہزادہ رورڈ کے رہائشیوں نے آدھی سڑک تو غیرقانونی طور قبضہ کرکے اپنے گھروںکے اندر ڈال لی ہے اور باقی پر تھڑے بنا کر اُن کے ساتھ کچی مٹی ڈال رکھی ہے اگر تھوڑی سی بارش ہوجائے تو سڑک کا درمیانی حصہ زیرآب آجاتا ہے اور کنارے سلائیڈ(پسلن سیڑی)کا منظر پیش کرتے ہیں جس پر چلنا بے حد مشکل ہوجاتا ہے اور اکثر گھر پہنتے پہنتے ہم دوسے تین مرتبہ کیچڑ میں گِرجاتے ہیں۔

Rain

Rain

خصوصارات کے وقت کچی مٹی بارش کے پانی میں مل کر سیورج کو بند کردیتی ہے اور پھر مہینہ ، مہینہ کیچڑ خشک نہیں ہوتا ۔کیچڑ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ بچوں کی اسکول وین بچوں کو لینے نہیں آتی اس طرح بچوں کی تعلیم کا ہرج ہوتا ہے۔ نمازی نماز پڑھنے مسجد نہیں جا پاتے ،ہم لوگ گھر سے نکلتے وقت دھلے کپڑے اورصاف جوتے شاپر بیگ میں ڈال کرشہزادے رورڈ پر سفر کرتے ہیں کیونکہ جوکپڑے پہن رکھے ہوتے ہیں۔

وہ باہر آتے آتے انتہائی گندے ہوجاتے ہیں ۔مسلسل کیچڑ کھڑا رہنے سے مختلف قسم کے امراض بھہ پھوٹ پڑتے ہیں جن میں جلدی الرجی یعنی خارش،ٹائی فیڈ بخار،ہیپاٹاٹس اور پیٹ کے مختلف امراض عام ہیں ۔ایک ایسی مشکل جوبتاتے ہوئے بھی شرم آتی ہے لیکن بتانا ضروری ہے ۔جناب عالیٰ ہمارے علاقے میں لوگ اپنے بچوں کے رشتے صرف اس لیے نہیںکرتے کہ راستہ بہت گندہ ہے۔

جب کوئی مہمان پہلی مرتبہ آتا ہے تو وہ یہ بات ضرور کہتا کہ یہ تو واقع ہی شہزادہ روڈ ہے ۔میری خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے اپیل ہے کہ یاتو میری باتوں کا یقین کرکے ہمارے راستے یعنی شہزادے روڈ کی حالت سنوار دیں یاپھر کبھی ہماری گلی آئیں تاکہ انہیں خود اندازہ ہوجائے کہ ہم کتنی بڑی مشکل میں گرفتار ہیں۔

Imtiaz Ali Shakir

Imtiaz Ali Shakir

تحریر : امتیاز علی شاکر
imtiazali470@mail.com.
03154174470